پنجاب کے بوگس اسلحہ لائسنس ڈیلرز محکمہ داخلہ کے ریڈار پر، دستاویزات کی جانچ شروع
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب کے بوگس اسلحہ لائسنس ڈیلرز محکمہ داخلہ کے ریڈار پر آ گئے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب کے حکم پر لاہور کے 9 بوگس اسلحہ ڈیلرز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ جعلی اسلحہ ڈیلرز کیخلاف ایف آئی آر پنجاب آرمز آرڈیننس 1965کے تحت درج کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے مقدمے کے اندراج سے قبل اسلحہ ڈیلرز کیخلاف باضابط انکوائری مکمل کی جس میں واضح ثبوتوں کی دستیابی پر بوگس اسلحہ لائسنس کے حامل 9 اسلحہ ڈیلرز کے خلاف اولین مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق ملزمان نے جعلی دستاویزات تیار کیے اور جعلی لائسنس پر اسلحہ فروخت کیا۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے بوگس لائسنس پر اسلحے کی فروخت کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ بوگس اسلحہ لائسنس اور جعلی ڈیلرز کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ بوگس لائسنس کے حامل اسلحہ ڈیلرز کی شناخت پر انکوائری کا دائرہ وسیع کر دیا گیا اور پنجاب بھر کے اسلحہ ڈیلرز کے دستاویزات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ جعلی لائسنس پر لاہور میں اسلحے کی فروخت پر انگلش آرمز کمپنی، ایلے برادرز آرمز اینڈ ایمونیشن، قاسم آرمز سٹور، نیشنل رائفلز، اومیگا انٹرپرائزز، امین برادرز، آؤٹ ڈور ریسورس، ایم ایس موکل اور شہباز محیی الدین آرمز کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔