سیلاب زدگان لاوارث ،   حکمران جماعتیں وسائل پر قابض رہنے کی لڑائی میں مصروف ہیں، سراج الحق

سیلاب زدگان لاوارث ،   حکمران جماعتیں وسائل پر قابض رہنے کی لڑائی میں مصروف ...
سیلاب زدگان لاوارث ،   حکمران جماعتیں وسائل پر قابض رہنے کی لڑائی میں مصروف ہیں، سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اپر دیر (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان تین ماہ سے لاوارث ہیں اور  حکمران جماعتیں مسائل کی بجائے وسائل پر قابض رہنے کی لڑائی میں مصروف ہیں۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی اقتدار کے لیے رسہ کشی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلکوٹ اپردیر میں سیلابی علاقوں کے دورہ کے موقع پر متاثرین سیلاب  و مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر کے پی و ایم پی اے عنایت اللہ خان، صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع، سابق ایم این اے صاحبزادہ طارق اللہ خان، امیر ضلع دیراپرحنیف اللہ، امیر ضلع دیرلوئر اعزاز الملک افکاری اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ شمالی علاقہ جات، مالاکنڈ ڈویژن اور دیگر علاقوں میں سردی کی آمد آمد ہے، سیلاب متاثرین کو چھت فراہم نہ کی گئی تو بحران شدت اختیار کرے گا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہوش کے ناخن لیں،بحالی کے کاموں میں سنجیدگی دکھائیں۔ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں 10 سال سے اقتدار میں ہے، نام نہاد تبدیلی کی بجائے ہر شعبہ میں تباہی آئی۔ سندھ میں پیپلزپارٹی 14برسوں سے اور پنجاب میں ن لیگ 1985ء سے اقتدار کے مزے لے رہی ہے، بلوچستان میں بھی یہی جماعتیں برسراقتدار رہیں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی انہی کی حکومتیں رہیں،حکمران بتائیں کہ عوام کی بہتری کے لیے کیا کارنامہ سرانجام دیا؟ لوگوں کو دھوکے میں رکھنا اور جھوٹ بولنا حکمرانوں کا وطیرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن نے جس طرح سیلاب کے دوران قومی خدمت کی مثالیں قائم کیں،پوری دنیا اس کی گواہی دے رہی ہے، قوم کے اعتماد پر ان کے شکرگزار ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی مددونصرت اور عوام کی تائید سے جماعت اسلامی کو ملک کی خدمت کا موقع ملا تو ہر شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے۔