پاکستانی علماء کرام، مذہبی و سیاسی شخصیات کا اہم نمائندہ وفد خصوصی دعوت پر چین روانہ
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزارت خارجہ عوامی جمہوریہ چین اور چینی ایمبیسی اسلام آباد کی دعوت پر پاکستان کے مختلف تنظیموں اور اداروں سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور سکالرز کا ایک اہم نمائندہ وفد 10 روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہوگیا وفد بیجنگ ، ژیانگ اور سنکیانگ میں اہم سیاسی اور حکومتی شخصیات کیساتھ ساتھ اہم مسلم ، تاریخی اور ثقافتی مقامات کا دورہ کرے گا ۔ مذہبی سفارتکاری کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کا فروغ ، مذہبی تعلیمی اداروں کے درمیان رابطہ کاری سرفہرست رہے گی۔ وفد میں امیر جمعیت علما اسلام (س) و نائب مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ، مولانا حامد الحق حقانی ، مولانا محمد ادریس شیخ الحدیث جامعہ حقانیہ ، ممتاز دانشور سابق وفاقی وزیر بیرسٹر ظفراللہ خان ، چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب نعیمی، سمیت کئی دیگر اہم علمی اور مذہبی شخصیات شامل ہیں۔ وفد کی میزبانی عوامی جمہوریہ چین کی وزارت خارجہ کرے گی ۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ریلجیئس ڈیپلومیسی فورم کے ذریعے اس ضمن میں پہلا وفد گیا تھا جس کی سربراہی سابق چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کی تھی ۔ یہ وفد اسی سلسلے کی کڑی ہے۔