کولمبو میں سرفراز احمد کی شاندار سنچری مکمل

کولمبو (مانیٹرنگ ڈیسک ) سری لنکاکے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز وکٹ کیپر سرفراز احمد نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کر لی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے تیسرے دن کھیل 244رنز 6وکٹوں کے نقصان پر شروع کی تو عبدالرحمان 16اور وہاب ریاض 17رنز بنا کر رنگنا ہیراتھ کا شکار ہوگئے تاہم وکٹ کیپر سرفراز احمد نے اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری سکور کر لی ۔ سرفراز احمد پانچ سال بعد سنچری سکور کرنیوالے پہلے پاکستانی ٹیسٹ وکٹ کیپر بن گئے ہیں ۔ اس سے قبل 2009ءمیں کامران اکمل نے سری لنکا ہی کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں 154رنز کی ناٹ آﺅ ٹ اننگز کھیلی تھی ۔