معاشرہ اور معیشت ۔۔۔ جو درکار ہے (2)

معاشرہ اور معیشت ۔۔۔ جو درکار ہے (2)
معاشرہ اور معیشت ۔۔۔ جو درکار ہے (2)

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

’’ سماجی سیاست دان‘‘ سیاسی طور پر باشعور ہوتا ہے اور وہ لوگوں، بالخصوص محروم طبقات کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوتا ہے۔ وہ ابتدا میں سماجی کاموں میں شرکت کرتا/ کرتی ہے جس کی بدولت وہ عوام کی زندگیوں کے قریب تر ہو جاتا/ جاتی ہے۔ سماجی کام اس نوعیت کا ہونا چاہیے جو عوام کی زندگی میں نمایاں تبدیلی لائے۔ سماجی کام میں عوام کے فائدے کے لیے ترقیاتی پروگرام بھی شامل ہے۔ تبدیلی کا ہدف (جامع مفہوم میں) بہتر طور پر اس وقت حاصل ہوگا جب اہل علاقہ سماجی کاموں میں بھرپور شرکت کریں گے۔ عوام کی شرکت بہت ضروری ہے۔ عوام کی شرکت سے ہی ان کے نقطہ نظر اور سماجی رویوں میں تبدیلی آئے گی۔ وہ اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرنا سیکھیں گے اور ان میں اعتماد اُجاگر ہوگا کہ وہ جس معاشرے میں رہتے ہیں اسے غیرمنصفانہ معاشرے سے منصفانہ معاشرے میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ لیڈر جو عوام کی شرکت کے بغیر اس نوع کی تبدیلی لائے وہ خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر پائے گا۔
خالص سماجی کارکن بمشکل ہی سماجی سیاست دان بن سکتا ہے چاہے وہ کتنا ہی نیک نیت ہو۔ البتہ ایسا شخص جو سیاست دان بننے کا جذبہ رکھتا ہو وہ سماجی کاموں کے ساتھ سیاست میں عملی کام شروع کر سکتا ہے۔ ہمیں ایسے ہی سیاست دان کی ضرورت ہے۔ سماجی سیاست دان کو آئندہ آنے والی سماجی و معاشی تبدیلی کا طویل المعیادی اور ارتقائی فہم حاصل کرنا چاہیے۔ وہی شخص سچی تبدیلی میں کردار ادا کر سکتا/سکتی ہے۔ اگر کوئی لیڈر صرف ’’رویہ جاتی تبدیلی‘‘ یا ’’ انتظامی اصلاح‘‘ کا پرچار کرتا/کرتی ہے تو وہ حقیقی تبدیلی ساز نہیں۔
پاکستان کے لیے فلاحی نظام: مستقبل کا تصور
اب ہم کنکریٹ تجاویز کی طرف بڑھتے ہیں۔ یہ تجاویز پاکستان کے سیاسی و معاشی نظام میں تبدیلی کے خطوط پیش کرتی ہیں۔ مجوزہ تبدیلیاں (i) مخلوط معیشت کا حامل جمہوری معاشرہ قائم کریں گی (ii) یہ معاشرہ پیداواری وسائل کی وسیع تر ملکیت اور قومی دولت کی منصفانہ تقسیم پر مبنی ہوگا (iii)جبکہ سیاسی اختیارات سماجی سیاست دانوں کے پاس ہوں گے۔
I۔معاشرے کی ساخت میں مندرجہ ذیل خطوط پر تبدیلی ہوگی:
(الف)ریڈیکل زرعی اصلاحات
(ب)قبائلی سرداری نظام کا خاتمہ
(ج)بااختیار مقامی جمہوری حکومتوں کا قیام
II۔Human Development کے لیے زیادہ رقوم وقف کی جائیں۔
مجوزہ سیاسی معیشت کا نظام مندرجہ ذیل خصوصیات کا حامل ہوگا:
(i)قومی پیداوار میں ممکنہ حد تک اضافہ
(الف)معاشی سرگرمی ممکنہ حد تک جدید علم پر مبنی ہونی چاہیے تاہم ابتدائی مرحلے پر اس کا مقصد لیبر فورس میں کمی نہیں ہونا چاہیے۔
(ب)عام لوگوں کے زیر استعمال اشیاء کی پیداوار اور خدمات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے۔
(ج)دولت کی پیداوار میں توسیع کے لیے چھوٹے کسانوں اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتی اداروں کی ترقی کے لیے خاطرخواہ سہولیات اور وسائل فراہم کیے جائیں۔
افرادی قوت کی مہارت اور قدرتی وسائل کو فروغ دیتے ہوئے ہر ٹاؤن میں specialized چھوٹی صنعتوں کو فروغ دیا جائے مثلاً سیالکوٹ کو کھیلوں کے سامان، کٹلری اور آسان سرجیکل اوزار میں مہارت حاصل ہے۔
ایک جامد/ زوال پذیر معیشت فلاحی نظام کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
(ii)بدعنوانی کو چیک کیا جائے، غیر ترقیاتی اخراجات پر قابو پایا جائے اور قومی پیداوار کی شرح میں اضافہ کرتے ہوئے ٹیکس ریونیو اور مالیاتی وسائل بڑھائے جائیں۔ ان وسائل کو فلاحی مقاصد کے لیے مختص کیا جائے۔
(iii)پالیسی فریم ورک
*ایسے اقدامات کیے جائیں جو پیداواری روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد دیں۔
* اصراف کی حوصلہ شکنی اور بچت اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
*زندگی کے تمام شعبوں میں پالیسیوں پر نظر ثانی کی جائے اور تعلیم، صحت اور ماحولیات وغیرہ پر خصوصی توجہ دی جائے۔
*پسماندہ علاقوں کی ترقی اور ان علاقوں کے لوگوں کی تعلیم اور مہارت میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
*غیر منقولہ جائیداد، سٹاکس اور حصص میں سٹے بازی کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ پیسہ کمانے کے دیگر ’’آسان ذرائع‘‘ کی بھی حوصلہ شکنی کی جائے۔
استحکام کیسے حاصل کیا جائے:
(i)قوم کے استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات
(الف)روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے۔
(ب)جتنا جلدی ممکن ہو سکے غربت اور اس کی وجوہ کا خاتمہ کیا جائے۔
(ii)جس حد تک ممکن ہو سکے معاشرے میں دولت کی تقسیم میں فرق کو کم کیا جائے۔
یہ اقدامات کرنے کے بعد ملکی سالمیت کو لاحق خطرہ اور معیشت میں باربار پیدا ہونے والے بحران کا سلسلہ کم ہو جائے گا۔
جامع (Holistic) طریقہ کار
معیشت کو عدمِ استحکام سے بچانے اور قیمتوں کی سطح کو مستحکم رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ادائیگیوں کے توازن (Balance of Payment) اور بجٹ میں بڑا خسارہ نہ ہو۔ بہتر ہے کہ معیشت میں ایسی اشیاء اور سروسز کو ترقی ملے جو زرِمبادلہ کمائیں۔ مزید برآں دولت کی پیداوار، اس کی تقسیم اور سروسز پر عاید ٹیکسوں کی آمدن میں اضافہ ہوتا رہے۔
یہ اقدامات نئے معاشی نظام کا ایک جامع پروگرام تشکیل دیتے ہیں۔ اگر یہ پروگرام بے ربط ٹکڑوں میں کیا جائے تو لوگوں کی پسماندگی سے جلد نجات نہ ہوگی اور نہ ہی منصفانہ خطوط پر بلند شرح نمو حاصل ہوگی۔
کیا حکمران طبقے آسانی سے جامع اصلاحات کی اجازت دیں گے؟ نہیں۔ اسی لیے ہمارے مسائل کا بنیادی منبع معاشی سے زیادہ سیاسی نوعیت کا ہے۔
سنگین بحران سے بچاؤ
جدید ٹیکنالوجی کے دور میں نیولبرل (Neoliberal) فریم ورک میں دولت کی افزائش اس کے ارتکاز کا باعث بنتی ہے جس کے نتیجے میں ترقی یافتہ اور ترقی پذیر معیشتوں اور وسائل سے مالامال اور وسائل سے محروم طبقات کے درمیان فرق بڑھ جاتا ہے۔
بلا روک ٹوک بڑھتے فرق نے معاشی بحران اور سماجی اتھل پتھل کو جنم دیا۔ ترقی یافتہ ممالک بحران پر قابو پانے کے لیے فلاحی منصوبوں میں تخفیف پر مجبور ہوئے۔
ترقی پذیر معیشتیں جنہوں نے جدید علوم اور ٹیکنالوجی کو معاشی عمل کے لیے اختیار کیا اور ہیومن ڈویلپمنٹ کی راہ اپنائی انہوں نے معاشی لحاظ سے کافی ترقی کی۔ البتہ انہوں نے سیاسی نظام اور تمدنی اقدار میں اس رفتار سے ترقی نہیں کی جتنی معیشت نے۔ وقت کے اس فرق کو ختم نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اس مسئلے کی فوری تلافی کی جاسکتی ہے۔(جاری ہے)
(تیسری قسط)
دنیا کو یہ سبق حاصل ہوا ہے کہ دولت کی طبقاتی اور علاقائی تقسیم کا بڑھتا ہوا فرق (جو کسی بھی وجہ سے ہو) معاشی اور سماجی بحران کو جنم دیتا ہے۔
سماجی آجروں نے شدید غربت کو کم کرنے میں مفید کردار ادا کیا ہے۔ بنگلہ دیش کے گرامین بینک کے ڈاکٹر محمد یونس اور پاکستان میں ’’اخوت‘‘ کے ڈاکٹر امجد ثاقب سماجی آجروں کی مثال ہیں۔ لیکن دولت کی غیرمنصفانہ تقسیم کو دُور کرنے کے لیے ہمیں چنیدہ پیداواری اثاثوں کی ملکیت کے بارے میں سیاسی فیصلہ کرنا ہوگا، جیسا کہ زرعی اصلاحات۔ یہ فیصلہ صرف معاشی نہیں سماجی پسماندگی سے نجات کے لیے ضروری ہے۔
جب تک ہمارے معاشرے میں دولت کی تقسیم کا وسیع فرق موجود رہے گا، اس وقت تک آئینی مدآت میں مساوی مواقع کی یکساں فراہمی زیادہ معنی نہیں رکھتی۔
جب سماجی سیاست دان معاشرے میں ثقافتی تبدیلی لے آئیں گے تودولت کی افزائش کے لیے ہمارے سامنے مشترک ملکیت(جیسا کہ کو آپریٹو) کے وسیع نمونے موجود ہوں گے۔ ہم بنکوں اور مالیاتی اداروں کو بلا خوف و خطر قومی تحویل میں لے سکیں گے۔ اسی صورت میں ریاست قرضہ جات پر موثر ضبط قائم رکھنے اور ایسی سرگرمیوں (مثلاً سٹہ بازی) پر قابو پانے کے قابل ہوگی جو معاشی بحران کو جنم دیتی ہیں۔
Status Quo کے ڈھانچے میں کس نوع کی ترقی ممکن ہے
اہم سوال یہ ہے کہ آیا موجودہ نظام برقرار رکھ کر ہم ترقی کر سکتے ہیں؟ ہاں، ہم پیداوار بڑھا سکتے ہیں۔ کچھ نہ کچھ سماجی ترقی بھی ہوگی۔ مگر معاشرہ بحیثیت مجموعی ارتقا (ڈویلپ) نہیں کرے گا۔ موجودہ نظام امیر کو امیر تر بنا دے گا۔ متوسط طبقے کا آگے دیکھنے والا حصہ کسی حد تک وسیع ہو جائے لیکن پسماندہ طبقے کے حالات میں نمایاں بہتری نہیں آئے گی۔ اس نوعیت کی ترقی کے باوجود ملک ایک سے دوسرے بحران کی جانب بڑھتا رہے گا۔
ہائی ٹیکنالوجی کے روز افزوں رفاہی پہلو
قبل ازیں معاشی اور سیاسی نظاموں کا جو خاکہ پیش کیا گیا وہ پاکستان کی نیم فیوڈل نیم صنعتی خصوصیات کے حوالے سے تھا۔ مگر ہمارا ملک ہائی ٹیکنالوجی کی پیش رفت کا اثر بھی قبول کر رہا ہے جو ترقی یافتہ ممالک میں ہو رہی ہیں۔ ہم نے اس بحران کا ذکر بھی کیا جو ہائی ٹیکنالوجی کی بیش بہا دولت اور Neoliberal پالیسی نے عالمی معیشت میں پیدا کیا۔ ہم نے بیان کیا کہ جن مغربی ممالک میں سوشل ڈیموکریسی رائج تھی وہاں مالیات کے بحران کی وجہ سے ریاست اُن ذمہ داریوں کو ادا کرنے سے مشکلات میں گرفتار ہو گئی جو سوشل ڈیموکریسی کے تقاضے تھے۔ یہ تصویر کا گھناؤنا پہلو ہے مگر اس کے رفاہی پہلو بھی ہیں۔
ہائی ٹیکنالوجی سے متعدد سروسز کی لاگت کم ہو گئی ہے اور وہ فری دستیاب ہونے لگی ہیں۔ پاکستان بھی اس ٹیکنالوجی سے فیض یاب ہو رہا ہے۔ انٹرنیٹ نے جدید تعلیم کی سہولیات فراہم کیں۔ انٹرنیٹ کے ذریعے بے شمار معلومات، لیکچرز، کتابوں اور لائبریریوں تک مفت یا سستی رسائی ہو چکی ہے۔ موبائل فون سے ہم فری ریڈیو سن سکتے ہیں، فری تصویریں بنا سکتے ہیں اور سستے SMS بھیج سکتے ہیں۔ سمارٹ فون نے موبائیل ٹیلی فون اور کمپیوٹر کے بہت سے فیچرز یکجا کر دیئے ہیں۔ Skype کے ذریعے فری کالز کر سکتے ہیں۔ YouTube کے ذریعے ہم ایجوکیشن، ہیلتھ اور تفریح کے سامان فری دیکھ اور سن سکتے ہیں۔
انٹرنیٹ کے استعمال نے کئی اشیاء کی ایجاد اور پیداوار کی سہولتیں میسر کر دی ہیں۔ امریکہ اور بعض ممالک میں لوگ کاروں، رہائشی مکانوں اور دفاتر وغیرہ کی مشترک سہولیات حاصل کرتے ہیں۔ کچھ مثالیں ایسی ہیں کہ کاروباری صلاحیت کے بہرہ ور نوجوانوں نے انٹرنیٹ کے ذریعے ماہرین سے نئی ایجاد کے بارے میں مشورہ حاصل کیا پھر مستقبل کے خریداروں میں معلومات تقسیم کیں۔ اس طریقِ کار سے اشیاء کا پیداواری اور تقسیم کا ڈھانچہ قائم ہو گیا۔ یہ طریقہ اختیار کرنے والوں نے کاروبار کے بارے میں مشورہ دینے والے ماہرین کو منافع میں شریک کیا اور خریداروں کو ان کی پسند کی اشیاء فراہم کیں۔ اس طرح سوشل پروڈکشن کا ایک نیا طریق قائم ہو گیا۔ یوں سرمایہ داری نظام میں مشترک مفاد پر قائم معاشی عمل کا نیا شعبہ پروان چڑھ رہا ہے۔
ہائی ٹیکنالوجی نے بہت سے صارفین (Consumers) کے لیے متعدد اشیاء مل جل کر استعمال کرنے کا سامان کر دیا ہے۔ اسے Sharing Economy کہتے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ پندرہ بیس سالوں میں Sharing Economy کا دائرہ بہت وسیع ہو جائے گا۔ یہ وسعت ایک نئے انتظامی ڈھانچے کی ضرورت اُجاگر کرے گی۔ یہ ڈھانچہ بلا منافع آرگنائزیشن کا ہو گا۔ جو نجی شعبے میں واقع ہو گا۔ گویا عوام کو آسودگی فراہم کرنے والے ایسے ادارے ریاستی شعبے سے باہر ہوں گے۔
مستقبل قریب میں ہر فرد اور ہر مقام اور علمی ادارہ ایک دوسرے سے Internet of Things کے ذریعہ منسلک ہو جائے گا۔ اس کے نتیجے میں معلومات، نئی ایجادات اور سوشل پروڈکشن کے مواقع بڑھ جائیں گے۔ یوں Sharing Economy کا حجم بڑا ہو جائے گا۔
سوال یہ ہے کہ پاکستان جدید تہذیب کے اُس طویل سفر سے نہیں گزرا جو معاشرے کو اتنا بالغ بنا دیتا ہے کہ وہ ہائی ٹیک کی بنیاد پر قائم Sharing Economy کو وجود میں لائے اور بخوبی چلانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ تاہم ہم نے معیشت کا جو خاکہ پیش کیا وہ حد سے بڑھی خود غرضی کو فروغ نہ دے گا۔ پھر ہم نے سماجی سیاست کو لازمی قرار دیا۔ جس کا تقاضا ہے کہ عوام رضاکارانہ مشترک فلاحی اور ترقیاتی پراجیکٹس قائم کریں اور خود چلائیں۔ یہ فیچر معیشت میں فلاحی رجحانات کی پرورش کرے گا۔ ہمارے مذہبی عقائد میں زکوٰۃ اور خیرات کی تعلیمات Sharing Economy کی کامیابی کے لیے ذہنیت اُجاگر کریں گی بشرطیکہ یہ تعلیمات ثواب کے ساتھ ساتھ سماجی ذمہ داری کا شعور بھی اُجاگر کریں۔
ِْمذکورہ رفاہی پہلو تنگ دستی اور غربت کی وجوہ سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ عالمی آبادی کا تقریباً 50 فیصد 2 ڈالر فی کس آمدن یومیہ سے کم کماتا ہے۔ اتنے بڑے مسئلے کو ہائی ٹیکنالوجی کے رفاہی پہلوؤں اور نجی شعبے کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ اس کے لیے لازمی ہے کہ ریاست اور سیاست بھی اس کے حل میں عملی کردار ادا کریں۔ اس مضمون کا بنیادی پیغام یہی ہے۔

مزید :

کالم -