بیلف کا تھانہ نشتر کالونی میں چھاپہ،دو تاجر غیر قانونی حراست سے برآمد

بیلف کا تھانہ نشتر کالونی میں چھاپہ،دو تاجر غیر قانونی حراست سے برآمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج خادم حسین کے بیلف نے تھانہ نشترکالونی میں چھاپہ مار کر دو تاجروں کو غیرقانونی حراست سے برآمد کرلیا۔عدالت نے دونوں افراد کو آزاد کرتے ہوئے سب انسپکٹر محمد صادق کے خلاف مقدمہ درج کرنے حکم دیاہے۔عدالت میں نشترکالونی کے عرفان شہزاد نے اپنے وکیل کی وساطت سے حبس بے جا کی درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا کہ اس کے بھائیوں سلیم اور شہزاد کو تھانہ نشترکالونی پولیس نے تین ر وز سے غیرقانونی طور پر تھانے کے اندر رکھا ہوا ہے اور ان پر تشدد کیا جارہا ہے۔ اس پر عدالت نے فوری بیلف اقبال چوہان کو مقرر کیا جس نے تھانے میں چھاپہ مار کر دونوں تاجروں سلیم اور شہزادکو برآمد کرلیا۔ معلومات حاصل کرنے پر بیلف کو پتہ چلا کہ دونوں کو سب انسپکٹر محمد صادق نے غیر قانونی طور پر رکھا ہوا تھا۔دونوں افراد کو بیلف نے اپنی تحویل میں لے کر عدالت میں پیش کردیا۔ عدالت نے زیڈ اے زاہد ایڈووکیٹ کے دلائل کے بعد دونوں تاجروں کو آزاد کرتے ہوئے سب انسپکٹر کے خلاف قانون کے مطابق پرچہ درج کرنے کا حکم دے دیاہے۔