سکیورٹی گارڈ کی باصلاحیت بیٹی شہر بانو انٹرنیشنل کرکٹر بن گئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سکیورٹی گارڈ کی باصلاحیت بیٹی انٹرنیشنل کرکٹر بن گئی، ہیڈ کوچ محسن کمال نے لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر شہر بانو کو ڈیبیو کیپ پہنائی۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق شہربانو کا تعلق لودھراں سے ہے، انہوں نے ملائشیا میں ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز نیپال کے خلاف میچ میں کیا۔15 سالہ شہربانو ساتویں جماعت کی طالبہ ہیں، انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز کرنے پر مینجمنٹ اور دیگر کھلاڑیوں نے انہیں مبارک باد دی۔
اس موقع پر مینجمنٹ اور کھلاڑیوں نے شہربانو کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، پندرہ سالہ شہر بانو لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر ہیں، انہوں نے آج نیپال کے خلاف اپنے انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز کیا ہے۔
لودھراں کے چک نمبرایم 48 سے تعلق رکھنے والی شہر بانو نے انٹرنیشنل کرکٹ میں جانے کا کارنامہ اپنی لگن اور کارکردگی سے انجام دیا ہے۔وہ لودھراں میں ترین کرکٹ اکیڈمی کی جانب سے کھیلتی ہیں، وہ ٹیم میں مستقل کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑی ہیں، ان کی انڈر 19 ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے سلیکشن پر ترین کرکٹ اکیڈمی کے مالک علی خان ترین نے دلی مبارکباد دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔
یہ سنگ میل نہ صرف لودھراں کے لئے فخر کا باعث ہے بلکہ خطے کے خواہشمند نوجوان کرکٹرز کے لئے بھی ایک مثال قائم کرتا ہے۔ شہریار بانو کی قومی اسکواڈ میں شمولیت ان کی صلاحیتوں اور ترین کرکٹ اکیڈمی کی جانب سے فراہم کردہ سپورٹ سسٹم کا ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے چوتھے میچ میں نیپال نے پاکستان کو اپ سیٹ شکست دے دی ہے، نیپا ل نے 105 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔