ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا ؟
برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل
آپ کو اندازہ بھی ہے کہ اپنی غلطیوں کی وجہ سے آپ کن مشکلات میں آ رہے ہیں،جس قدر ممکن ہو، ان کو درست کرنے کی کوشش کریں اور توبہ سے بھی کام لیں تاکہ اللہ پاک راضی ہو سکیں اور کسی بھی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔ آنے والے دنوں میں مالی معاملات کے حوالے سے بھی اہم خبریں ہیں اور روزگار کے معاملات بھی بہتری کی طرف جائیں گے۔ اس کے لئے آپ خود کو مکمل طور پر تیار رکھنے کی کوشش کریں۔
برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی
پراپرٹی وراثت کے امور میں جوبھی مشکلات آ رہی ہیں،انشاءاللہ وہ دور ہو سکیں گی اور آپ کو جلد ہی آپ کاحق مل سکے گا۔ آپ جس طرف بھی امید لگا کر بیٹھے ہوئے تھے ، امید ہے کہ وہ پوری ہو سکے گی، جن لوگوں نے اپنے بچوں کے حوالے سے خود کو ڈپریشن میں ڈالا ہوا تھا۔ان کے لئے خوشخبری ہے۔ اس ہفتے بڑی اہم خبر بہت کچھ بدل کر رکھ سکتی ہے، انشاءاللہ۔
برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
آپ ان لوگوں کے درمیان ہیں جو آپ کے لئے بڑی مشکلات پیدا کر سکتے ہیں اور آپ کو اس کی خبر بھی نہ ہوگی۔ بہتر ہے کہ اپنی عقل کا استعمال کریں اور کوشش کریں کہ خاموشی سے کام لیا جائے۔ جو لوگ کسی طرف سفر کے خواہشمند ہیں، ان کو ابھی کچھ ماہ درکار ہیں،بلاوجہ وقت کو ضائع مت کریں۔اس طرح مسئلہ ہو جائے گا۔ آپ اپنے ملک میں رہ کر بھی اپنے کام سے جائیں گے۔
برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
ماضی کی باتوں کوبھول کر آپ نئی زندگی شروع کرنے کی کوشش کریں، جس قدر پہلے والی باتیں دماغ میں لاتے رہیں گے،پریشانیاں مزید بڑھتی رہیں گی۔ اب انشاءاللہ موقع بھی مل رہا ہے اور اس کے قدرتی اسباب بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ آپ کو اس وقت بے حد سنجیدہ ہو کر صرف اپنے مستقبل کی طرف دیکھنا ہے ۔جو لوگ مناسب وقت پر فیصلہ کرلیتے ہیں، وہی کامیاب ہیں۔
برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
اب اہم مواقع آپ کے سامنے آئیں گے۔ اس سے برسوں کا انتظار ختم ہوگا اور زندگی بنانے کے لئے جو قدم اٹھانا چاہتے ہیں، وہ اللہ کا نام لے کر اٹھا سکتے ہیں۔ میرا اللہ کامیاب کرے۔ ان دنوں بس دل لگی جیسے معاملات سے دور رہنا ہے اور موبائل پر فالتو کی دوستیاں نہ پالیں،وہ خطرناک اور بدنامی کا سبب بن سکتی ہیں۔ خطرات سے دور رہنا بے حد ضروری ہوگا۔
برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
اب آپ کو اس طرف بالکل نہیں جانا جہاں سے آپ کو دھوکہ ملا ہے۔ اس وقت وہ لوگ دوبارہ زندگی میں آنے کی کوشش کریں گے جو آپ کو غلط قرار دے کر زندگی سے نکل گئے تھے۔ اب صورتِ حال ٹھیک نہیں چل رہی۔آپ بلاوجہ الجھن میں آ سکتے ہیں۔ ان سے دور رہیں اور اپنی زبان خاص طور پر قابو میں رکھیں ، ورنہ آپ کو جھوٹا قرار دیا جا سکتا ہے، خیال رہے۔
برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
آپ کو آنکھوں، پٹھوں اور معدے کے امراض ان دنوں بہت تنگ کرسکتے ہیں،جس کی وجہ سے ڈپریشن بڑھ جائے گا۔ آپ صرف ان پر توجہ دیں باقی کام اللہ پر چھوڑ دیں اور علاج دوائیوں کے بجائے غذا سے کرنے کی کوشش کریں اور غیر ضروری باتوں کو اپنے دل و دماغ پر سوار مت ہونے دیں،جو لوگ کسی بھی کام کو لے کر پریشان ہیں، اللہ ان کے لئے بہترین اسباب پیدا فرما دیں گے۔ انشاءاللہ
برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
آپ کی چھوٹی سی ایک غلطی آج بہت بڑے مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔ اگر بات سمجھ میں آ گئی ہوتو فوری توجہ کرکے اپنی غلطی کی اصلاح کریں۔ اس طرح آگے بڑھنے میں آسانی ہوگی اور جس طرف جا رہے ہیں وہ راستہ بھی زیادہ مناسب دکھائی نہیں دے رہا۔ لگتا ہے جیسے کسی انجانی سی بندش کا شکار ہیں،اس کے لئے صدقے سے کام لیں اور اپنی نظر بھی اتارنے کی ضرورت ہے۔
برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
ان دنوں مالی طور پر جو نقصانات ہوئے ہیں، اب انشاءاللہ اس کے ازالے کا وقت قریب آ گیاہے ۔جو لوگ ان معاملات کو لے کر کافی دنوں سے پریشان چلے آ رہے تھے،اب خوشی کی خبر سن سکیں گے اور جو رکاوٹیں مشکلات بندش وغیرہ تنگ کررہی تھی وہ بھی ختم ہو سکے گی۔ اولاد کے مستقبل کے حوالے سے بھی بڑی اچھی خبر ملنے کے واضح امکانات روشن ہیں۔
برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری
جو درد ملا اپنوں سے ملا اور اب آپ ایک پتے کی طرح ٹوٹ کر الگ ہو گئے ہیں۔ اب جو ہونا تھا وہ ہو چکا، سب کچھ بھول کر اپنی زندگی کونئے انداز سے شروع کرنے کی کوشش کریں اور اس کے لئے جو قدر ت مواقع اب فراہم کرے گی اس کو اپنے ہاتھوں سے ہرگز نہ جانے دیں، برسوں کے بعد ہی کچھ کرنے کا موقع ملا ہے ، اس لئے جو آپ کے ساتھ ہوا سمجھ لیں کہ وہ آپ کی بہتری کے لئے تھا۔
برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری
سب کچھ بھول جائیں جو ماضی میں ہو چکا ہے۔ برسوں کے بعد انشاءاللہ ایسی پوزیشن بننے جا رہی ہے جو آپ کو زمین سے آسمان تک لے جائے گی اور آپ ایک شاندار زندگی حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔برسوں کے بعد خواہشمند افراد کے رشتے، شادی کی بات ہو سکے گی اور موجودہ جگہ میں تبدیلی کا سلسلہ بھی آپ کی سامنے آ رہاہے، اب گھبرانے کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔
برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
یاری دوستی خطرناک ہو سکتی ہے۔ پھر وہ لڑکے سے ہو یا کسی لڑکی سے آپ کو دھوکہ دیا جا سکتا ہے اور مالی نقصان بھی ہو سکتا ہے۔ ان دنوں اولاد کا خانہ بھی توجہ مانگ رہا ہے، خاموشی سے ان کی نگرانی کریں اور جو بات سامنے آئے اس کو بڑے پیار اور تحمل سے حل بھی کرنا ہے۔ اگر چاہتے ہیں کہ گھر کا ماحول خراب نہ ہو۔ بہرحال آپ چند دن لگا تار حسب ِتوفیق صدقہ بھی دیں۔