نوشہرو فیروز،رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نمازجنازہ اداکردی گئی

نوشہرو فیروز،رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نمازجنازہ اداکردی گئی
نوشہرو فیروز،رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نمازجنازہ اداکردی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نوشہرو فیروز(ڈیلی پاکستان آن لائن)رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نمازجنازہ اداکردی گئی،مرحومہ کی نمازجنازہ مدرسہ سکول گراﺅنڈ میں ادا کی گئی جس میں ضیاالحسن لنجار، عاجز دھامرا، ایم پی اے ممتاز چانڈیو،ایم پی اے سرفراز شاہ سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق جائیدادکے تنازع پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پیپلزپارٹی کی رہنما اوررکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نماز جنازہ اداکردی گئی، مرحومہ کی نمازجنازہ مدرسہ سکول گراﺅنڈ میں ادا کی گئی جس میں سیاسی،سماجی شخصیات سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعدادنے شرکت کی ،رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے نمازجنازہ میں ضیاالحسن لنجار، عاجز دھامرا، ایم پی اے ممتاز چانڈیو،ایم پی اے سرفراز شاہ ،ایس ایس پی نوشہروفیروز ڈاکٹر فاروق، ایس ایس پی غلام سرور،ڈپٹی کمشنر بلال شاہد راﺅبھی شریک ہوئے،مرحومہ شہناز انصاری کی تدفین سید اسماعیل شاہ قبرستان میں کی جائے گی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری ایک قاتلانہ حملے میں جان کی بازی ہار گئی تھیں،پولیس کے مطابق پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری پر نوشہرو فیروز کے قریب گاﺅں چاناری میں فائرنگ کی گئی جس میں وہ شدید زخمی ہوگئیں۔ خاتون رکن اسمبلی کو فوری طور پر شدید زخمی حالت میں نواب شاہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ زمین کے تنازعہ پر پیش آیا ، انہیں 3 گولیاں لگیں جس کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
مقتولہ رکن سندھ اسمبلی کے بھائی کا کہنا ہے کہ شہناز انصاری اپنے بہنوئی کے چہلم پر آئی تھیں، مخالفین نے انہیں دھمکیاں دی تھیں اور چہلم میں شریک ہونے سے روکا تھا لیکن وہ رسم چہلم میں شریک ہوئیں۔ جب چہلم کے پروگرام کا اختتام ہوا تو ملزمان نے سیدھی فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کردیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق شہناز انصاری کا اپنے بہنوئی کے بھتیجوں کے ساتھ زمین کا تنازعہ چل رہا تھا، انہوں نے خاتون کو پہلے بھی قتل کی دھمکیاں دی تھیں، جس کے حوالے سے پولیس کو بھی آگاہ کردیا گیا تھا لیکن انہیں کوئی سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی ، رسم چہلم کے پروگرام میں شہناز انصاری کرسی پر بیٹھی ہوئی تھیں، پروگرام کے اختتام پر ان کے بہنوئی کے بھتیجوں نے فائرنگ کرکے انہیں قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔