اسلام خواتین کو معاشرے میں متحرک کردار ادا کرنے سے نہیں روکتا ،فائزہ نقوی

اسلام خواتین کو معاشرے میں متحرک کردار ادا کرنے سے نہیں روکتا ،فائزہ نقوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (لیڈی رپورٹر) جمعیت علما پاکستان (نیازی) شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ فائزہ نقوی نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے حیائی کو اسلامی تعلیمات سے دوری اور والدین کی اولاد پرعدم توجہی کی وجہ قراردیتے ہوئے زوردیا ہے کہ تعلیمات نبوی کی پیروی کی جائے مغرب کی تقلید چھوڑکر خواتین اپنا رول ماڈل بنت رسول حضرت بی بی فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا کو بنائیں۔ جے یو پی شعبہ خواتین کے اجلاس سے خطاب میں فائزہ نقوی نے کہا کہ اسلام خواتین کو معاشرے میں متحرک کردار ادا کرنے سے نہیں روکتالیکن اس کے لئے شرم و حیا اور پاکدامنی کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرے کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ بھارتی چینلز کے اخلاق باختہ پروگرام خواتین میں مقبول ہورہے ہیں۔ نماز پنجگانہ اور قرآن کی تعلیم کے لئے ٹائم نہیں نکلتا ، مگر ٹی وی ڈرامے باقاعدگی سے دیکھے جاتے ہیں۔ جن میں ساس بہو دونوں کو ایک دوسرے سے لڑانے اور گھر تباہ کرنے کے گر سکھائے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح پاکستان کے مارننگ شوز کی مقبولیت کا معیار بھی بے حیائی قرار پاتا جارہا ہے۔اسلام کے مطابق نکاح انتہائی سادہ رسم ہے ، مگر میڈیا میں ہندووانہ رسومات کی جو منظر کشی کی جاتی ہے ، کوئی غریب تو اپنی بیٹی کی رخصتی کرتے وقت شرمندگی محسوس کرتا ہے، جوکہ معاشرے کے چہرے پر بدنما داغ بنتا جارہا ہے۔ فائزہ نقوی نے کہا کہ جہیز کے مطالبات بھی لعنت بنتے جارہے ہیں، عشق مصطفی پر جان قربان کرنے کے لئے تیار رہنے والوں میں ایسی مثالیں بھی قائم ہونی ضروری ہیں کہ تعلیمات نبوی کے مطابق ہم اپنی بیٹی کو رخصت کرسکیں۔