ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن، 22 خوارج ہلاک, 18زخمی
راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن )ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں 14 دسمبر سے اب تک سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 22 خوارج ہلاک جبکہ 18زخمی ہو گئے ۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق 14 دسمبر سے اب تک آپریشن کے دوران 18خوارج زخمی کیے گئے، یہ آپریشن خفیہ اطلاع پر کیے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز علاقے میں امن کی بحالی اور خوارج کے خاتمے تک جاری رہیں گے، کیونکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آج کرم سامان لے جانے والے قافلے پر شرپسندوں نے فائرنگ کی، فائرنگ کی زد میں 4 گاڑیاں آئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 10 گاڑیاں با حفاظت علی زئی پہنچ چکی ہیں جبکہ باقی گاڑیوں کو پیچھے ہی روک لیا گیا۔پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں شر پسند بھاگ گئے۔