وطن سے غداری پر سعودی شہری کا عبرت ناک انجام
ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن )سعودی عرب میں وطن سے غداری کرنے والے شہری کا عبرت ناک انجام ہوا اور اس کو سزائے موت دے دی گئی۔
نجی ٹی وی اے آروائی نے سعودی پریس ایجنسی اور سعودی وزارت داخلہ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ وطن سے غداری پر سعودی شہری مشعل بن سلیمان الغنام کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشعل بن سلیمان الغنام نے وطن سے غداری کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیموں سے وابستگی اختیار کر لی تھی اور اس نے معاشرے کے امن وسلامتی کو نقصان پہنچانے کے لئے کئی مجرمانہ کام کئے۔
مذکورہ شخص نے نہ صرف دہشتگردوں کو ٹھکانہ دے کر ان کی مدد کی بلکہ ملک کی سلامتی کو نشانہ بنانے میں بھی ان سے تعاون کیا۔مشعال کو عدالت میں پیش کیا گیا جس نے دلائل، شواہد اور ثبوت کی بنا پر اور زمین میں فساد پھیلانے کے باعث سر قلم کرنے کا فیصلہ سنایا۔
اپیل کورٹ نے بھی عدالت کے مذکورہ فیصلے کی تصدیق کی جس کے بعد ایوان شاہی نے عدالتی فیصلہ نافذ کرنے کی منظوری دیدی۔غدار وطن شہری کو گزشتہ روز ریاض میں سزائے موت کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے اس کا سر قلم کر دیا گیا۔