آئینی ترمیم پر ہم اور فضل الرحمان متفق ہوں گے تو حکومت کو بتائیں گے، خورشید شاہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مجوزہ آئینی ترمیم پر ہم اور مولانا فضل الرحمان متفق ہوں گے تو حکومت کو بتائیں گے۔
پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، وفد میں خورشید شاہ، نوید قمر، جمیل سومرو اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی شامل تھے۔
خورشید شاہ نے اسلام آباد میں فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد پارٹی رہنما نوید قمر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ کل سے آئینی ترمیم پر بات ہورہی ہے اور بل آرہے ہیں۔جو بل لارہے تھے، ان سے کچھ چیزیں ہٹائی گئیں، جن باتوں پر ہم سب متفق تھے اس بل کےلیے آئے تھے۔ ملک و قوم اور پارلیمنٹ کی بالادستی کےلیے قانون سازی کرنا ہمارا حق ہے، ہمیں اس سے کوئی بھی نہیں روک سکتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا ہے، جب مولانا صاحب اور ہم متفق ہوں گے تو حکومت کو بتائیں گے۔ ہم آتے رہے ہیں اور آتے رہیں گے، یہ ملاقاتیں ہوتی رہیں گی، ہم جو بل لے کر آرہے تھے اس کا بتادیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم اس لیے آئے کہ جن باتوں پر ہم سب متفق ہیں، ان پر بیٹھ جاتے ہیں، ساری جماعتوں سے بات کرکے بل پارلیمنٹ میں لے آئیں گے۔