حکومت کا غیر سنجیدہ رویہ کرپشن کے خاتمہ کی راہ میں رکاوٹ،افغان مہاجرین کے لئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آواز بلند کریں گے :سینیٹر سراج الحق

حکومت کا غیر سنجیدہ رویہ کرپشن کے خاتمہ کی راہ میں رکاوٹ،افغان مہاجرین کے ...
حکومت کا غیر سنجیدہ رویہ کرپشن کے خاتمہ کی راہ میں رکاوٹ،افغان مہاجرین کے لئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آواز بلند کریں گے :سینیٹر سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لوئر دیر (نیوز ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کا عدم تعاون اور غیر سنجیدہ رویہ ملک سے کرپشن کے خاتمہ کی راہ میں حائل ہے،حکومتی رویے سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ حکمران ملک میں لوٹ کھسوٹ کے نظام کو جاری رکھنا چاہتے ہیں،قوم چاہتی ہے کہ کرپشن اور کرپٹ نظام کے خاتمہ کیلئے وزیر اعظم خود کو احتساب کیلئے پیش کردیں تاکہ دوسروں کا احتساب کرنے میں آسانی ہو،جب تک کرپشن موجود ہے ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل تک لے جانے میں کوئی تدبیر کارگرنہیں ہوگی اور سب کام الٹے ہونگے،حکومت اور اپوزیشن کی ذمہ داری ہے کہ قومی امانتوں کا مل کر تحفظ کریں۔

ثمر باغ اور ضلع دیر کے عمائدین کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک کی اصل بیماری کرپشن کے علاج کیلئے سب سے پہلے تحریک شروع کی تاکہ 69سال سے مصیبتوں اور مشکلات میں مبتلا قوم کے مسائل حل کئے جاسکیں،کرپشن تمام مسائل کی ماں ہے اور اسی کی گود میں دہشت گردی ،بدامنی ،لاقانونیت،غربت اور جہالت جیسی بیماریاں پرورش پاتی ہیں،کرپشن پر قابو پاکرعام آدمی کو تعلیم ،صحت ،روز گار اور چھت جیسی بنیادی سہولتیں فراہم کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوٹی گئی قومی دولت ملک میں واپس آجائے تو ظالمانہ ٹیکسوں اور ہوشربا بجلی و گیس کے بلوں سے چھٹکارا مل سکتا ہے،روزانہ ہونے والی 10ارب سے زائد کی کرپشن نے پورے سسٹم کھوکھلا کردیا ہے،میرٹ کی پامالی نے نااہل شہزادوں کو اعلیٰ عہدوں پر پہنچا دیا ہے اور ذہین ترین غریب بچوں کو مزدوری کرنے پر مجبور کررکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی او آرز پر کئی اجلاس ہوئے مگر سب بے نتیجہ رہے ،کچھ لوگ ٹی او آرز کے پورے معاملے کو ناقابل عمل بنانے پر تلے رہے جس کی وجہ سے قوم کے اندر ایک مایوسی اور بے چینی نے جنم لیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ اس لئے کیا ہے کہ حکومت عوامی مطالبے کے باوجود کرپشن کے خلاف اقدامات کرنے کو تیار نہیں۔حکمرانوں کا اب تک کا رویہ ثابت کرتا ہے کہ وہ سرے سے احتساب نہیں چاہتے اور لوٹ ماراور کرپشن کے نظام کو اسی طرح جاری رکھنا چاہتے ہیں۔دریں اثنا ء افغان مہاجرین کے ایک نمائندہ جرگہ نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کرکے انہیں اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔سینیٹر سراج الحق نے جرگہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان اور افغانستان میں برادرانہ تعلقات چاہتے ہیں ،دونوں ممالک کے عوام صدیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ بھائیوں کی طرح رہتے آرہے ہیں ،علاقے میں امن و امان دونوں ممالک کی ضرورت ہے۔جس طرح پرامن افغانستان پاکستان کی ضرورت ہے اسی طرح پرامن اور خوشحال پاکستان افغانستان کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم افغان عوام کے ساتھ ہیں اور چاہتے ہیں کہ افغانستان کے مختلف دھڑے مل بیٹھ کر اپنے مسائل افہام و تفہیم سے حل کریں تاکہ دوسروں کو افغان عوام کے خلاف سازشوں کا موقع نہ مل سکے۔انہوں نے جرگہ کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل کے حل کیلئے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں آواز بلند کریں گے۔

مزید :

قومی -