دنیا میں رہائش کے لئے ٹاپ 10 بہترین اور بدترین شہروں کی نئی فہرست آ گئی , تفصیلات ایسی کہ جان کر آپ کو بھی دکھ ہو گا

دنیا میں رہائش کے لئے ٹاپ 10 بہترین اور بدترین شہروں کی نئی فہرست آ گئی , ...
 دنیا میں رہائش کے لئے ٹاپ 10 بہترین اور بدترین شہروں کی نئی فہرست آ گئی , تفصیلات ایسی کہ جان کر آپ کو بھی دکھ ہو گا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن)قیام پاکستان کو ستر سال گذر چکے ہیں اور ابھی چند دن قبل ہی پاکستانیوں نے بڑی دھوم دھام کے ساتھ آزادی کا ’’جشن ‘‘ پوری آزادی کے ساتھ منایا ہے لیکن آپ کو یہ خبر پڑھ کر افسوس ہو گا کہ دنیا میں رہنے کے قابل ترین ٹاپ 10شہروں میں ملک خداد کا کوئی ایک بھی شہر ایسا نہیں جو اس فہرست میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو لیکن اس سے بھی تشویش ناک بات ہے کہ رہائش کے لئے دنیا کے دس بدترین شہروں کی فہرست میں حسب سابق پاکستان کا ’’معاشی حب اور روشنیوں کا شہر‘‘ کہلانے والاکراچی نہ صرف اس فہرست میں شامل ہے بلکہ ٹاپ 10میں درجہ بندی کے حساب سے ساتویں نمبر پر آیا ہے ۔


اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ نے اپنی سالانہ ’’گلوبل لائیوایبلٹی رپورٹ‘‘ میں قرار دیا ہے کہ دنیا میں رہائش کے لئے سب سے بہترین شہروں میں سے سب سے اوپر آسٹریلیا کا شہر ملبورن ہے ،اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ نے اپنی یہ سالانہ رپورٹ اور درجہ بندی صحت ،تعلیم، ثقافت ،ماحولیاتی آلودگی اور بنیادی ڈھانچے کی بنیاد پر  تیار کی گئی ہے ،100میں سے 97.5 نمبر لے کر  آسٹریلوی شہر  ملبورن نے اول پوزیشن حاصل کی ۔دوسرے نمبر پر آسٹریا کا دارالحکومت ’’ویانا‘‘ آیا جس نے 100میں سے 97.4نمبر حاصل کئے ۔اس فہرست میں تیسری پوزیشن پر کینیڈا کا شہر وینکوور ہے جس کے حصے میں 100میں سے 97.3نمبر آئے ،کینیڈا ہی کا ایک اور شہر دنیا کے ٹاپ 10بہترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب رہا اور یہ خوش قسمت شہر ٹورنٹو ٹھہرا جس نے 100میں سے 97.2پوائنٹ حاصل کئے ۔

پانچویں پوزیشن پر کینیڈا اور آسٹریلیا کے شہر کیلگری اور ایڈیلیڈ آئے جنہوں نے مشترکہ طور پر 100میں سے 96.6نمبر حاصل کئے ۔ساتویں پوزیشن آسٹریلیا ہی کے خوبصورت ترین شہر پرتھ کو حاصل ہوئی جس نے 100میں سے95.9پوائنٹ حاصل کئے ۔

آٹھویں پوزیشن نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ (جو پھولوں کا شہر بھی کہلاتا ہے)نے حاصل کی جس نے 100میں سے 95.7نمبر لئے ۔نویں نمبر پر فن لینڈ کا شہر ہلسنکی آیا جس نے 100میں سے 95.6پوائنٹ حاصل کئے جبکہ ٹاپ 10کی اس فہرست میں آخری نمبر جرمنی کا شہر ہیمبرگ آیا ہے جس کے حصے میں 95نمبر آئے ہیں ،دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا میں رہائش کے قابل ٹھہرائے جانے والے دس بہترین شہروں میں سے امریکہ کا ایک بھی شہر شامل نہیں ہے ۔

اب اگر بات کی جائے دنیا کے 10 ایسے شہروں کی جو رہائش کے حوالے سے بدترین قرار پائے ہیں تو اس فہرست میں آخری نمبر پر عراق کا شہر دمشق ہے جس نے 100میں سے 30.2نمبر حاصل کئے اور دنیا کے بدترین شہروں میں 140ویں نمبر پر آ کر پہلی پوزیشن حاصل کی ،دوسرے بدترین شہر کا ’’اعزاز نائیجرین شہر’’ لاگوس ‘‘نے حاصل کیا جو 36نمبروں کے ساتھ 139ویں نمبر پر آیا ہے ۔تیسرے بدترین شہر کا سہرا سجا لیبیا کے شہر طرابلس کے سر جسے تریپولی بھی کہا جا تا ہے ،مسلمان ملک کا یہ شہر 36.6نمبر لے کر 138ویں پوزیشن پر براجمان ہے ۔بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ کو 38.7نمبر ملے اور وہ اس درجہ بندی میں 137ویں اور ٹاپ ٹین کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آیا ہے۔دنیا کا پانچواں بدترین شہر پورٹ مورسبی کہلایا جو پیپوا نیو جنیوا کا سب سے بڑا شہر ہے ،پورٹ مورسبی  39.6نمبر لے کر 136ویں نمبر پر ہے ۔الجیریا کے شہر الجیرس نے چھٹی اور پاکستان کے کراچی شہر نے 40.9نمبر لے کر ساتویں پوزیشن اور عالمی سطح پر 134ویں نمبر پر ہے ۔ دنیا کے آٹھویں بدترین شہر کا اعزاز زمبابوے کے شہر ’’ہرارے ‘‘ نے حاصل کیا جو 42.6پوائنٹ کے ساتھ133ویں نمبر پر ہے ۔نویں پوزیشن پر بر اعظم افریقہ کے ملک کیمرون کا شہر ’’دوالا‘‘ ہے جس نے 100میں سے 44نمبر حاصل کر دنیا میں 132ویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوا ۔دنیا میں رہائش کے لئے بدترین شہروں کی ٹاپ 10فہرست میں یوکرائن کا شہر کیف 47.7نمبر لے کر آخری پوزیشن پر براجمان ہے ۔

مزید :

ماحولیات -