لاہور کو پیرس بنانے کے دعویداروں نے نکاسی آب کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا: وزیراعلٰی 

  لاہور کو پیرس بنانے کے دعویداروں نے نکاسی آب کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر،آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے موسلادھاربارش کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خود گاڑی ڈرائیو کی اور شملہ پہاڑی،بوہڑ والا چوک،مال روڈ، منٹگمری روڈ،لکشمی چوک،جی پی او چوک اوردیگر علاقوں میں شدیدبارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جا ئزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے بارش کے پانی میں پھنسی خواتین اوربچوں کو اپنی گاڑی میں ریسکیوکرکے انہیں ان کے متعلقہ مقام پر پہنچایا۔وزیراعلیٰ نے اپنے دورے کے دوران نکاسی آب کیلئے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیااورشہریوں سے نکاسی آب کیلئے کیے جانے والے انتظامات کے بارے میں پوچھا۔شہریوں نے سڑکوں پرپانی کھڑا ہونے کی شکایات کی جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آج اپنے عوام کی مشکلات کا خود جائزہ لینے نکلا ہوں اورانشاء اللہ انتظامیہ اورواسا حکام نکاسی آب کے کام کو جلد مکمل کریں گے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پرانتظامی افسران اورواسا حکام کوہدایت کی کہ جتنی جلدی ممکن ہوسکے نکاسی آب کا کام مکمل کیا جائے اورنکاسی آب کے لئے تمام تر وسائل اورمشینری بروئے کار لائی جائے۔وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور واسا حکام کوپانی کے نکاس کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی افسرا ن اورواسا حکام نکاسی آب مکمل ہونے تک فیلڈ میں خود موجود رہیں۔انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس مستعدی سے کام کرے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کو پیرس بنانے کا دعوی کرنے والوں نے شہر میں پانی کے نکاس کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔شہر میں سفید ہاتھی نما منصوبہ بنانے والوں نے نکاسی آب کا بنیادی انتظام نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی مشکلات کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔میں عوام سے ہوں اورعوام کی مشکلات کے جلد ا زالے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کردیاہے۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارشہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے بعدپنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے دفتر پہنچ گئے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے شہر میں شدید بارش سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے مختلف سڑکوں پر پانی کی صورتحال کاکیمروں کے ذریعے معائنہ کیا اورنکاسی آب کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ نے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کا بھی مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شدید بارش سے شہریوں کیلئے پیدا ہونے والی تکلیف کو خود محسوس کیا ہے اورہمارے دکھ سکھ سانجھے ہیں۔میں اس مشکل صورتحال میں اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔نکاسی آب کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے گا۔عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سرکاری خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ ”امین“ ہونے کے جھوٹے دعویداروں کے چہرے 22 کروڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ قومی وسائل میں خیانت کرنے والوں کو پائی پائی کا حساب دینا ہوگا۔ یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے ریکارڈ کرپشن کرکے پاکستان کو معاشی طور پر مفلوج کیا۔ سابق حکمرانوں کی کرپشن کے سیکنڈل ہر روز منظر عام پر آ رہے ہیں۔ کرپٹ عناصر نے پاکستان کے ساتھ جو ظلم اور زیادتی کی وہ ناقابل معافی ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ بزدار نے عالمی یوم انصاف کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کسی بھی ریاست کی بنیاد انصاف پر ہوتی ہے۔ انصاف کرنے والی قومیں ہی اقوام عالم میں اپنا مقام بناتی ہیں اور جہاں انصاف نہیں ہوتا، وہ معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام انصاف کی اعلیٰ اقد ار کے فروغ کا درس دیتا ہے اور کسی بھی ملک کی سماجی و معاشی ترقی انصاف سے جڑی ہوئی ہے۔ معاشرے میں ہر فرد کو انصاف کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ 
وزیراعلی بزادر

مزید :

صفحہ اول -