سر دے کے دینِ حق کو بچایا حسینؓ نے۔۔۔
باطل کا یوں غرور مٹایا حسینؓ نے
سر کو کٹا دیا ، نہ جھکایا حسینؓ نے
راز ِ خودی جہاں کو بتایا حسینؓ نے
سر دے کے دینِ حق کو بچایا حسینؓ نے
جنّت میں نوجوانوں کے سردار آپؓ ہیں
گھر کو لٹا ، مقام یہ پایا حسینؓ نے
کب احتیاجِ آب رہی اہلِ بیتؓ کو
یہ راز تشنگی کو بتایا حسینؓ نے
تاحشر پڑ سکے گا نہ پھیکا جہان میں
جرأت کا رنگ کچھ یوں جمایا حسینؓ نے
سیراب کربلا کو کیا اپنے خون سے
صحرا کو لالہ زار بنایا حسینؓ نے
ممکن نہ تھا جہان میں انور کسی سے جو
وہ کارنامہ کر کے دکھایا حسینؓ نے
کلام :ریاض انور بلڈانوی( بھارت )