ضلعی انتظامیہ سوات کی طرف سے فوری طور پر 11 یونین کونسلوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن

ضلعی انتظامیہ سوات کی طرف سے فوری طور پر 11 یونین کونسلوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی حکومت کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سوات نے فوری طور پر 11 یونین کونسلوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے ڈپٹی کمشنر سوات نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو مذکورہ یونین کونسلوں میں لاک ڈاؤن سے متعلق ایس او پیز پر پوری طرح عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی ہے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سوات کے دفتر میں ایک جائزہ اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات حامد خان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد اکرم شاہ اور ایس پی آپریشن سوات کے علاوہ دوسرے متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنرسوات نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت تمام اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، اپنے علاقوں میں معززین پر مشتمل کمیٹیاں بنائیں جو عوامی ضروریات اور دوسرے انتظامات سے متعلق امور پر ان سے مشاورت کریں اور متعلقہ علاقوں میں فوڈ چین سمیت زندگی کی بنیادی ضروریات کیلئے اقدامات پر سختی سے عمل کریں جبکہ محکمہ صحت کے ذمہ داران لاک ڈاؤن سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں انہوں نے متعلقہ علاقوں میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں کی ڈیوٹی پر موجودگی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے واضح رہے کہ ضلع سوات کی 11 یونین کونسلوں میں کورونا وباء سے متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اور وزیر اعظم کی ہدایت پر فوری لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا تھا ان یونین کونسلوں میں خریڑئی، گوالیرئی، اوڈیگرام، رنگ محلہ، لنڈی کس، قمبر، سیدوشریف، بریکوٹ غربی، کوٹہ شرقی، کوزہ بانڈئی اور مدین شامل ہیں جہاں مجموعی طور پر 489 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے ڈپٹی کمشنر سوات نے ان علاقوں میں حکومتی احکامات کے مطابق تمام غیر ضروری دکانیں، مارکیٹس، عوامی اجتماعات، عام لوگوں کی آمدورفت سمیت مساجد سے متعلق ایس او پیز اور تمام نافذ العمل قوانین پر فوری عملدرآمد کی ہدایات بھی جاری کی ہیں جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق تمام ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ اس وباء کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے بصورت دیگر حکومت کو مزید سمارٹ لاک ڈاؤن اور سخت اقدامات اٹھانے پڑیں گے