"پلازمہ تھراپی کورونا کا علاج نہیں ہے بلکہ یہ۔۔۔" وزارت صحت نے خبردار کردیا

"پلازمہ تھراپی کورونا کا علاج نہیں ہے بلکہ یہ۔۔۔" وزارت صحت نے خبردار کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزارت قومی صحت نے خبردار کیا ہے کہ پلازمہ تھراپی کورونا وائرس کا علاج نہیں ہے  بلکہ سی پی ابھی بھی تجرباتی تھیراپی ہےاور اس  کے سنگین ضمنی اثرات ہو سکتے ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق پلازمہ تھراپی کے ضمنی اثرات  میں فیبرل ری ایکشن یعنی درجہ حرارت میں اضافہ اور بعض اوقات سر درد اور کمر کا درد، الرجک رد عمل، ٹرانسفیوژن سے متعلق سرکولیٹری اوورلوڈ ، برونکاسپازم، ٹرانسفیوژن سے متعلق پھیپھڑے زخمی ہونا اور ایچ آئی وی، ہیپاٹائٹس بی اور سی جیسی بیماریوں کی منتقلی شامل ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ صحت کی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ چونکہ سی پی ابھی بھی تجرباتی تھیراپی ہے لہذا یہ محفوظ ماحول میں ریسرچ پروٹوکول کے تحت استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس ریسرچ کو سر انجام دینے والوں کو اپنے پروٹوکول کے لیے منظوری حاصل کرنی چاہیے اور اس کا ادارہ وزارت صحت سے منظورشدہ ہونا چاہیے جس میں نگرانی کے تحت تھیراپی شروع کی جاسکتی ہے۔

گائیڈ لائنز میں کہا گیا کہ ’عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ علاج کرنے والے ڈاکٹر یا ہسپتال سے ٹرائل کے بارے میں معلومات کے لیے رابطہ کریں اور مختلف بلڈ بینکوں/ہسپتالوں سے پلازما کی خریداری میں رقم ادا کر کے زیادتی نہ کریں، عوام اور معالجین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ موجودہ وبائی مرض میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے پلازما کے مناسب طریقے سے استعمال کے بارے میں کلینیکل رہنمائی کے بارے میں اپنے آپ کو آگاہ رکھیں جو وزارت صحت کی جانب سے وقتا فوقتا جاری کی جائے گی‘۔

وزارت قومی صحت سروسز کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان کے مطابق پلازما تھیراپی کو کورونا وائرس کا علاج نہیں سمجھا جانا چاہیے کیونکہ یہ امریکا کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی منظوری کے بعد عالمی سطح پر ابھی ٹرائلز کے مرحلے میں ہے۔

وزارت صحت کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک بھر میں کونوالیسنٹ پلازما (سی پی) کی غیر قانونی فروخت اور خریداری جاری ہے  اور لوگ لاکھوں روپے اداکرکے پلازمہ خرید رہے ہیں۔