رئیل اسٹیٹ کی ترقی سے معیشت بہتر ہو سکتی ہے: اسلام آباد چیمبر

  رئیل اسٹیٹ کی ترقی سے معیشت بہتر ہو سکتی ہے: اسلام آباد چیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ شعبے سے چالیس سے زائد صنعتوں کی ترقی وابستہ ہے لہذا حکومت اس شعبے کو ترقی دے کر معیشت کو بہتر کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان کے صدر سردار طاہر محمود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایک وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی اور اپنے شعبے کو درپیش مسائل پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔ طاہر عباسی نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ شعبہ معیشت کی ترقی میں کلیدی کردارادا کرتا ہے لہذا حکومت اس شعبے پر عائد ٹیکسوں پر نظرثانی کرے تاکہ یہ شعبہ بہتر ترقی کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت کی ترقی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، غربت کو کم کرنے اور معیشت کو مضبوط کرنے میں ریئل اسٹیٹ شعبے کا فروغ بہت ضروری ہے لہذا حکومت اس شعبے کی بہتر ترقی کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے پر توجہ دی جائے جس سے معیشت بھی تیزی سے بحال ہو گی۔ اس موقع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فیڈریشن آف رئیلٹرز کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ حکومت ہاؤسنگ کے شعبے کو فروغ دے کر معیشت کومشکلات سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان کو ملک گری سطح پر منظم کیا جائے گا اور اس کی تنظیم سازی کیلئے ہر سطح پر مشاورت کا عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بجٹ کیلئے حکومت کو ایسی تجاویز دے رہے ہیں جن پر عمل درآمد سے ٹیکس نیٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا اور بجٹ خسارہ کم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے، گورننس کو مزید بہتر کیا جائے اور درمیانے طبقے کے لوگوں کو ترقی کے عمل میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی اصلاحات اور شہری جائیداد کی حد مقرر کئے بغیر معیشت کو منصفانہ اور شراکتی نہیں بنایا جا سکتا لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اس طرف خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر کے تعاون سے رئیل اسٹیٹ شعبے کے مسائل کو حل کرانے کیلئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔

مزید :

کامرس -