یونیسیف کا پاکستان میں انسداد سروائیکل کینسر مہم شروع کرنے کا اعلان

راولپنڈی (آئی این پی )ا قوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف نے پاکستان میں رواں برس ستمبر سے انسداد سروائیکل کینسر مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
راولپنڈی میں یونیسیف کے زیر اہتمام منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے یونیسیف حکام نے پاکستان دنیا میں سروائیکل کینسر سے متاثرہ ساتواں ملک ہے۔ رواں برس ستمبر سے ملک بھر میں انسداد سروائیکل کینسر مہم شروع کی جائے گی۔اس مہم کے دوران 9 سے 14 سال تک کی بچیوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ جب کہ سال 2030 تک 90 فیصد بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
یونیسیف حکام نے مزید کہا کہ سروائیکل کینسر زیادہ تر بچیوں کو متاثر کرتا ہے جب کہ 35 سے 40 سال کی عمر میں خواتین سروائیکل کینسر سے متاثر ہوتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سروائیکل کینسر وائرس ہے، جو ایک انسان سے دوسرے میں منتقل ہوتا ہے۔ یہ کینسر ہیومن پاپیلوما وائرس انفیکشن سے پھیلتا ہے۔یونیسیف حکام نے کہا کہ سروائیکل کینسر اب قابل علاج مرض ہے اور اب حکومت پاکستان کے پاس اس کی ویکسین موجود ہے۔ خواتین کیلئے پنجاب بھر میں ویل ویمن کلینک قائم کیے گئے ہیں۔