پولیس اہلکاروں کے بچوں کے علاج معالجے کیلئے 21 لاکھ روپے کے فنڈز جاری

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے پولیس کانسٹیبلز کے بچوں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں لاہور سمیت مختلف اضلاع میں تعینات ملازمین کے سنگین بیماریوں کا شکار بچوں کے علاج معالجے کیلئے 21 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کر دیے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہیڈ کانسٹیبل محمد حسن کو بیٹی کے بون میرو ٹرانسپلانٹ کیلئے 8 لاکھ روپے اور غازی کانسٹیبل ناصر احمد کو بیٹے کے علاج معالجے کیلئے 5 لاکھ روپے دئیے گئے۔
کانسٹیبل محمد رضوان کو بیٹے کی میجر سرجری کیلئے اڑھائی لاکھ روپے اور ڈرائیور کانسٹیبل نعیم احمد کو بیٹے کی میجر سرجری کیلئے 2 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔ڈرائیور ہیڈ کانسٹیبل احسان الحق کو بیٹے کی قوت سماعت کے علاج کیلئے1 لاکھ 20 ہزار روپے دئیے گئے۔ہیڈ کانسٹیبل شہزاد نذیر، کانسٹیبلز عدنان شمعون، شوکت علی، عدنان ربانی اور دفتری نثار احمد کو بچوں کے علاج کیلئے مجموعی طور 2 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کیے گئے۔
آئی جی پنجاب نے یہ رقم ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کی سکروٹنی و منظوری کے بعد جاری کی۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وسائل کے مؤثر استعمال سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات جاری رکھے جائیں۔