کے الیکٹرک اور نیٹ میٹرنگ کے مسائل
کراچی الیکٹرک (کے الیکٹرک) کے خلاف نیپرا (نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی) میں شکایت کی گئی ہے کہ وہ صارفین کو نیٹ میٹرنگ کنکشن جاری نہیں کر رہا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کو لکھے گئے خط کا تسلی بخش جواب نہ آنے پر اِسے شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق اُن کا ادارہ اب تک 18 ہزار نیٹ میٹرنگ کنکشن جاری کر چکا ہے۔ کے الیکٹرک اِس کے لئے لائسنس جاری کرتا ہے جس کے بعد صارف نیٹ میٹرنگ کی سہولت حاصل کرسکتا ہے۔اِس سہولت کی وجہ سے صارفین کو توانائی بل کا بوجھ کم کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اِس وقت گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین تیزی سے سولر پر منتقل ہو رہے ہیں تاہم نیٹ میٹرنگ کی سہولت نہ ملنے سے لوگ اپنی سرمایہ کاری کر کے سولر لگانے کے باوجود پریشان ہیں، کوئی ریلیف کے لئے نیپرا کو شکایت کر رہا ہے تو کوئی محتسب اعلیٰ کا دروازہ کھٹکھٹا رہا ہے۔ نیپرا کو چاہئے کہ وہ کے الیکٹرک کو پابند کرے کہ وہ نیٹ میٹرنگ سے متعلقہ شکایات کا فوری ازالہ کرے تاکہ لاکھوں روپے کی سرمایہ کاری کر کے بجلی کے بِل کی مد میں ریلیف حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے اِس سے محروم نہ ہوں۔
٭٭٭٭٭