ڈونلڈبلڈ ٹرمپ کی امریکی انتخابات میں شاندار کامیابی!
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امریکہ کے انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد فلوریڈا میں ان کی رہائش گاہ کے اطراف سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلوریڈا میں پام بیچ میں مار اے لاگو ریزارٹ میں روبوٹ کتوں نے گشت شروع کر دیا ہے، جبکہ جھیل میں کوسٹ گارڈ بھی ڈیوٹی پر تعینات کردیئے گئے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ دوسری مرتبہ امریکہ کے صدر منتخب ہوئے ہیں، اس سے قبل وہ 2016ء کے انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔
امریکی میڈیا کے مطابق انتخابی نتائج آنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی پروٹول دینے کے ساتھ ساتھ، ان کے حفاظتی اقدامات میں بھی غیرمعمولی اضافہ کیا گیا ہے، کیونکہ انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ پر قاتلانہ حملے بھی ہو چکے ہیں۔دوسری جانب امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کامیاب انتخابی مہم کی منیجر سوزی سمرل وائلز کو وائٹ ہاؤس کا چیف آف سٹاف نامزد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہنا تھا کہ سوزی وائلز نے امریکی تاریخ کی بڑی سیاسی فتوحات حاصل کرنے میں میری مدد کی، سوزی میری 2016ء اور 2020ء کی کامیاب مہموں کا حصہ تھیں۔ 67 سالہ سوزن وائلز پہلی امریکی خاتون ہیں جنہیں وائٹ ہاؤس میں چیف آف سٹاف بننے کا اعزاز حاصل ہو گا۔
وائٹ ہاؤس کے چیف آف سٹاف کی پوسٹ انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے کیونکہ یہ عہدہ صدر کے انتظامی امور میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔چیف آف سٹاف، وائٹ ہاؤس کی انتظامیہ کو منظم انداز میں کام کروانے کا ذمہ دار ہوتا ہے اور ان کے جملہ امور کی نگرانی کرتا ہے۔چیف آف سٹاف امریکی صدر کی مصروفیات کا شیڈول بھی طے کرتا ہے اور دیگر حکومتی اور انتظامی اداروں سے رابطہ کروانے والے کے حوالے سے بھی اس کردار بڑا اہم ہوتا ہے۔نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سوزی مضبوط، ہوشیار اور جدت پسند ہیں، عالمی سطح پر سوزی کو احترام کی نگاہ سے دیکھا جا تا ہے، سوزی امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانے کے لئے انتھک محنت کریں گی۔ اسی وجہ سے سوزی کو امریکہ کی پہلی خاتون چیف آف سٹاف کے طور پر نامزد کرنا ایک اعزاز ہے، میں یہ بات پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ سوزی دنیا بھر میں امریکہ کا سر فخر سے بلند کریں گی۔