انصاف سٹوڈنٹ ونگ کے سابق عہدیداران طلباء کو اشتعال دلاتے رہے، ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں: عظمٰی بخاری 

 انصاف سٹوڈنٹ ونگ کے سابق عہدیداران طلباء کو اشتعال دلاتے رہے، ہمارے پاس ...
 انصاف سٹوڈنٹ ونگ کے سابق عہدیداران طلباء کو اشتعال دلاتے رہے، ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں: عظمٰی بخاری 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے منصوبے کے تحت طالبہ اور اس کے خاندان کی عزت کو اچھالا ہے۔انصاف سٹوڈنٹ ونگ کے سابق عہدیداران طلباء کو اشتعال دلاتے اور اکساتے رہے ہیں۔ ان کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔ انصاف سٹوڈنٹ ونگ کے لوگ مار دھاڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  احمد خان بھچر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کیا ۔

 انہوں نے کہا کہ بھچر صاحب تحریک انصاف کے آفیشل پیج سے طلباء کو اشتعال کی ترغیب دی گئی۔ آپ اتنے سیدھے اور بھولے بھالے نہیں جتنے بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انصاف سٹوڈنٹ ونگ کے سابق عہدیدار خود طلباء کو اشتعال دلاتے رہے ہیں،میڈیا کا زمانہ ہے ویڈیو موجود ہیں۔ بہن بیٹیوں کے خلاف گھٹیا پروپیگنڈا کرنا تحریک انصاف کا وطیرہ ہے۔انہیں نہ تو اپنی عزت کا خیال نہ دوسروں کی بہن بیٹیوں کا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کے اس پروپیگنڈے کا شکار وزیر اعلٰی مریم نواز اور میں بذات خود متعدد بار ہو چکے ہیں۔ ایک جماعت کی گھٹیا مہم کے بعد طلباء کو احتجاج کے لئے نکالا گیا۔ اب لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے تمام شہروں میں حالات معمول کے مطابق ہیں۔ پولیس امن وا مان کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔کسی کو پنجاب میں امن و امان خراب کرنے یا اشتعال پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

 انکا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے اس سارے معاملے میں پروپیگنڈا کیااور فیک معلومات پھیلائیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا چاہے ان کا تعلق کسی بھی شعبے سے ہو۔