لاہور میں چوری شدہ گیس سے چلنے والا کارخانہ پکڑا گیا، 2 گیس چور بھی گرفتار

لاہور میں چوری شدہ گیس سے چلنے والا کارخانہ پکڑا گیا، 2 گیس چور بھی گرفتار
 لاہور میں چوری شدہ گیس سے چلنے والا کارخانہ پکڑا گیا، 2 گیس چور بھی گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(دیبا مرزا سے )ملک بھر میں گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران لاہور کے علاقے گلشن راوی میں گیس چوری کی بڑی واردات پکڑی گئی۔ سوئی ناردرن کی ٹیم کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ ہوزری فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا جہاں پورا کارخانہ چوری شدہ گیس سے چلایا جارہا تھا۔ کارخانے میں زیر زمین بائے پاس لگا ہوا تھا اور بڑے کمپریسرز کے ذریعے کروڑوں روپے مالیت کی گیس چوری کی جارہی تھی۔ موقع سے علاقہ پولیس نے2 گیس چوروں کو بھی گرفتار کرلیا۔

دوسری جانب  پنجاب، خیبر پختونخوااور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس چوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مزید 211 گیس کنکشن منقطع کردیئے، گیس چوری میں ملوث افراد پر 28 لاکھ کے جرمانے عائد کردیئے گئے ہیں۔ سوئی ناردرن گیس نے پشاور میں گیس کے براہ راست استعمال، غیر قانونی کنکشن پر 33 کنکشن منقطع کیے جانے کے علاوہ گیس چوری پر 4لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ راولپنڈی میں ریجنل ٹیم نے2 گیس کنکشن منقطع کیے۔ مردان میں گیس کے براہ راست استعمال پر 3گیس کنکشن منقطع کردیئے گئے۔ ایبٹ آباد میں بھی ایک غیر قانونی کنکشن منقطع کردیا گیا۔ سیالکوٹ میں کمپریسر کے استعمال پر 7 گیس کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ 14 لاکھ کے جرمانے عائد کیے۔ سرگودھا میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 5 کنکشن منقطع کردیئے گئے۔ گوجرانوالہ میں ریجنل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 12 گیس کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ گیس چوری کی مد میں 84 ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کیے۔

گیس کے غیر قانونی استعمال پر گجرات میں کارروائیوں کے دوران 7 صارفین جبکہ کمپریسر کے استعمال پر ایک صارف کا گیس کنکشن منقطع کردیئے گئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 2کنکشن منقطع کردیئے گئے۔ ساہیوال میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 6 کنکشن منقطع کردیئے گئے۔ فیصل آباد میں ریجنل ٹیم نے کریک ڈاؤن کے دوران 40 کنکشن منقطع کردیئے۔ لاہور میں میٹر سے چھیڑ چھاڑ اور جعلی میٹر کے استعمال پر2، لائن کی غیر قانونی توسیع پر ایک جبکہ گیس کے غیر قانونی تجارتی استعمال پر 5کنکشن منقطع کردیئے گئے۔ لاہور ریجنل ٹیم نے گیس چوری کی مد میں 9 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے بہاولپور میں ریجنل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کمپریسر کے استعمال پر 15 جبکہ گیس کے غیر قانونی استعمال پر 5کنکشن منقطع کردیئے۔ ملتان میں ریجنل ٹیم نے کمپریسر کے استعمال پر 20 جبکہ غیر قانونی استعمال پر 31 گیس کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ گیس چوری کی مد میں 49 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے۔ شیخوپورہ میں میٹر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ پر 7 جبکہ لائن کی غیر قانونی توسیع پر 6کنکشن منقطع کردیئے۔