کراچی سے صابنوں میں چھپا کر منشیات سعودی عرب سمگل کرنے کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) ایئر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے کراچی سے صابن کی ٹکیوں میں چھپا کر منشیات سعودی عرب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
روز نامہ جنگ کے مطابق ایک اور کارروائی کے دوران اے ایس ایف کے عملے نے ایک مسافر کو آئس ہیروئن کے ساتھ پشاور میں گرفتار کیا۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ایئر پورٹ سکیورٹی فورس کے عملے نے کراچی اور پشاور ایئر پورٹس پر کارروائیوں کے دوران 2 مسافروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے منشیات برآمد کی۔
کراچی ایئر پورٹ پر جدہ کی پرواز کے مسافر سلام اللہ کے قبضے سے 2.652 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی جو مسافر نے بیگ میں رکھی صابن کی ٹکیوں میں چھپائی ہوئی تھی۔
ادھر ایک اور کارروائی کے دوران اے ایس ایف کے عملے نے پشاور ایئرپورٹ پر بحرین کے مسافر سے 700 گرام آئس ہیروئن برآمد کی۔مسافر عاطف نے مذکورہ منشیات اپنے بیگ کی تہہ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی۔
تاہم اے ایس ایف کے عملے نے دونوں مسافروں کے سامان کی تلاشی لینے کے بعد ان کے سامان کو مشکوک قرار دیا اور تلاشی پر دونوں کے سامان سے منشیات برآمد کر کے سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لئے برآمد شدہ منشیات کے ساتھ اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔