افغان قونصل جنرل کی قومی ترانے کی بے حرمتی پر پاکستان کی شدید مذمت
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)دفتر خارجہ نے پشاور میں ایک تقریب کے دوران افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل کی جانب سے قومی ترانے کی بے حرمتی پر شدید ردعمل جاری کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے پشاور میں ایک تقریب کے دوران افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل کی جانب سے پاکستانی قومی ترانے کی بے حرمتی کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ میزبان ملک کے قومی ترانے کی بے حرمتی سفارتی آداب کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل کا یہ اقدام قابل مذمت ہے، ہم اس معاملے پر اپنا شدید احتجاج اسلام آباد اور کابل میں افغان حکام تک پہنچا رہے ہیں۔