بنگلہ دیش، طلباء کی اپیل پر وزیراعظم ہاؤس سے لوٹاگیا کچھ سامان واپس کردیاگیا

بنگلہ دیش، طلباء کی اپیل پر وزیراعظم ہاؤس سے لوٹاگیا کچھ سامان واپس کردیاگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ڈھاکہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)بنگلہ دیش میں طلبا ءرہنماؤں کی اپیل  پر  وزیر اعظم  ہاؤس سے لوٹےگئے سامان کی واپسی شروع ہوگئی۔مظاہرین نے حساس دستاویزات، فرنیچر، الیکٹرانک آلات، زیورات اور جانوروں سمیت 500 اشیا ءواپس کردیں۔مظاہرے میں شامل ایک شخص وزیر اعظم ہاؤس سے بطخ اٹھا کر لے گیا تھا جو کہ اس نے پکا کر کھالی تھی، اس شخص نے بطخ کی قیمت جمع کروائی۔

ایک اور شخص نےہیرے کی نتھ اور جھمکوں سمیت دیگر  زیورات لوٹائے۔ وزیراعظم ہاؤس کےکبوتر اور  بلی بھی واپس کر دیئےگئے۔

طلباء رہنماؤں کو وزیراعظم کی رہائش گاہ سے میک اپ بیگ لے جانے والی خاتون کی تلاش ہے۔

واپس کی گئی  خفیہ دفاعی اور  سیکیورٹی  دستاویزات  محفوظ مقام پر منتقل کردی گئی ہیں اور فوج ان کی نگرانی کر رہی ہے۔لوٹے گئے سامان کی واپسی کے لیے وزیراعظم ہاؤس کے گیٹ پر ایک کاؤنٹر قائم کیا گیا ہےجہاں لوگ لوٹی ہوئی اشیاء جمع کروا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ 5 اگست کو بنگلہ دیش میں پرتشدد مظاہروں اور ان کے نتیجے میں سینکڑوں افراد کی ہلاکت کے بعد بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد مستعفی ہوکر  بھارت  فرار ہوگئی تھیں۔

شیخ حسینہ واجد کے  بھارت جانے کے بعد مظاہرین ان کی سرکاری رہائش گاہ میں گھس گئے تھے جہاں مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور سامان بھی اٹھا کر لے گئے تھے۔