کمشنر کوہاٹ کا مختلف دفاتر،ہسپتالوں،سکولوں کا اچانک دورہ،3درجن سے زائد افسران اور اہلکار معطل
پشاور(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ''عوامی ایجنڈا'' کے تحت کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے ہفتہ کے دن ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی کے ہمراہ مختلف دفاتر، سکولوں اور ہسپتالوں کے اچانک دورے کے موقع پر محکمہ تعلیم کے 35افسران و اہلکار، ہائر سیکنڈری سکول توغ بالا کے پرنسپل اور وائس پرنسپل، ٹائپ سی ہسپتال لاچی کے 2 لیڈی ڈاکٹرز، رورل ہیلتھ سینٹر گمبٹ کے ٹیکنیشن اور ڈبلیو ایس ایس سی کے سپروائزر کو غیر حاضری اور کام میں غفلت برتنے پر معطل کردیا ہے اور ان کے خلاف انضباطی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کے پروگرام ''عوامی ایجنڈا'' کے تحت آج صحت، تعلیم، ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن اور ڈبلیو ایس ایس سی ایریاز، لاچی ہسپتال، رورل ہیلتھ سنٹر گمبٹ، ہائر سیکنڈری سکول توغ بالا، بہادرکوٹ گرڈ سٹیشن اور ہائی سکول گمبٹ کا اچانک دورہ کیا۔اس موقع پر کمشنر کوہاٹ نے محکمہ تعلیم کے زنانہ و مردانہ دفاتر کے 77 میں سے 35 افسران/اہلکار غیر حاضر پائے جن میں گریڈ 18 کے 2 اور گریڈ 17 کے 3 افسران بھی شامل ہیں۔انہوں نے محکمہ تعلیم میں 14 کلاس فور کی موجودگی کے باوجود بلڈنگ کی ابتر صورتحال پر انتہائی برہمی کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں کمشنر کوہاٹ نے سکول کی انتہائی ناگفتہ بہہ حالت پر گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول توغ بالا کے پرنسپل اور وائس پرنسپل کو بھی معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔دریں اثناء معتصم باللہ شاہ نے تحصیل لاچی کے ہسپتال کی 2 لیڈی ڈاکٹرز اور رورل ہیلتھ سنٹر گمبٹ کے ٹیکنیشن کوغیرضری جبکہ ڈبلیو ایس ایس سی کے سپروائزر کو بھی کام میں غفلت برتنے پر معطل کر دیا ہے۔کمشنر نے اکاؤنٹس آفیسر کو مذکورہ افسران و اہلکاران سے کٹوتی کیلئے باقاعدہ طور پر مراسلہ جاری کا حکم جاری کر دیا ہے۔مزید برآں اتوار کے دن سے منگل تک پورے کوہاٹ ڈویژن میں تمام سرکاری محکموں کی عمارتوں میں خصوصی صفائی مہم چلائی جائے گی۔ اسی طرح بدھ سے جمعہ تک تمام بازاروں، پارکوں، بس اڈوں اور شہری آبادی کے اندر ندی نالیوں کی خصوصی صفائی مہم چلائی جائے گی جس میں ہزاروں لوگ حصہ لیں گے۔ 6 روزہ مسلسل صفائی کی اس مُہم کی نگرانی کمشنر سمیت تمام ڈپٹی کمشنر ز اور متعلقہ محکموں کے سربراہان خود کریں گے۔