تھائی لینڈ کے بادشاہ  نے پیتونگ تارن شناوترا کو نیا وزیر اعظم مقرر کر دیا

 تھائی لینڈ کے بادشاہ  نے پیتونگ تارن شناوترا کو نیا وزیر اعظم مقرر کر دیا
 تھائی لینڈ کے بادشاہ  نے پیتونگ تارن شناوترا کو نیا وزیر اعظم مقرر کر دیا
سورس: Wikimedia Commons

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بینکاک (شِنہوا)تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن نے پیتونگ تارن شناوترا کی بطورملک کی وزیراعظم تقرری کی منظوری دیدی ہے۔

اس ضمن میں اتوار کو فیو تھائی پارٹی کے صدر دفتر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ایوان نمائندگان کے سیکرٹری جنرل ارپاتھ سکھنانتھ نے شاہی فرمان پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا ہے کہ 16 اگست کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں اکثریت حمایت حاصل کرنے کے بعد پیتونگ کو وزیر اعظم مقرر کیا گیا ہے۔ شاہی منظوری سے 37 سالہ خاتون وزیر اعظم نے باضابطہ طور پر جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں سب سے کم عمر اور دوسری خاتون وزیر اعظم کے طور پرعہدہ سنبھال لیا ہے جس کے بعد تھائی لینڈ کی نئی  کابینہ کی تشکیل کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

وزیر اعظم کی حیثیت سے اپنی پہلی سرکاری تقریر میں  پیتونگ تارن شناوترا نے کہا کہ وہ پارلیمانی مدت کے بقیہ تین سالوں کے دوران قانون ساز شاخ کے ساتھ تعاون کریں گی اور تھائی لینڈ کو غیر متزلزل عزم کے ساتھ آگے بڑھانے کے مقصد کے لیے سب کی رائے سنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام نسلوں کی طاقتوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے علاوہ حکومت میں خدمات انجام دینے والے،سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ، نجی شعبے میں کام کرنے والے اورعام شہریوں سمیت تھائی لینڈ کے ہر کونے سے تعلق رکھنے والے افراد کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے گا۔