اسلام آباد ہائیکورٹ کا ذوالفقار بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کو 2ہفتوں میں ایم ڈی کیٹ امتحان لینے کا حکم
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ذوالفقار بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کو 2ہفتوں میں ایم ڈی کیٹ امتحان لینے کا حکم دیدیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایم ڈی کیٹ امتحانات دوبارہ کرانے کے سنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس عامرفاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کیس کی سماعت کی،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کسی کیساتھ زیادتی نہ ہو اس چیز کویقینی بناتے ہیں،وکیل پی ایم ڈی سی نے کہاکہ پہلے جو امتحان لیا گیا سنگل بنچ نے کالعدم قرار نہیں دیا،سنگل بنچ نے بچوں کو دوباری ایک موقع دیا تھا،عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ دونوں رزلٹس کے ساتھ جایا جا سکتا ہے؟سنگل بنچ نے امتحانی فیس کے حوالے سے کوئی بات کی ہے؟وکیل نے کہاکہ سنگل بنچ نے پرانی فیس پر ہی دوبارہ امتحان لینے کا کہا ہے،چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ ایم ڈی کیٹ امتحان کی فیس کتنی ہے؟وکیل رضوان عباسی نے کہاکہ کل 8ہزار فیس ہے، 4ہزار پی ایم ڈی سی اور4ہزار یونیورسٹی کو جاتا ہے،وکیل جہانگیر جدون نے کہاکہ پی ایم ڈی سی کو 4ہزار نہیں، 2ہزار ملتے ہیں،امتحان دوبارہ لیا گیا تو بچے رو رہے ہیں کہ پہلے سے زیادہ سخت سوالات آئے۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے استفسار کیا کہ سمجھ آ رہا ہے کہ آپ کو دوبارہ امتحان لینے میں مسئلہ نہیں؟چیف جسٹس کے ریمارکس دیئے کہ ہم موقع کی نزاکت کے باعث آپ کو مہلت دے رہے ہیں،سنگل بنچ نے امتحان واپس لینے کاکہا تھا ہم کوئی اور آرڈر نہیں کر سکتے،وکیل میڈیکل یونیورسٹی نے کہاکہ ہم 22دسمبر کو ایم ڈی کیٹ امتحان کنڈکٹ کررہے ہیں،عدالت نے ذوالفقار بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کو 2ہفتوں میں ایم ڈی کیٹ امتحان لینے کا حکم دیدیاعدالت نے کہاکہ ہم ایسا آرڈر جاری کرتے ہیں کہ ایم ڈی کیٹ امتحان آئندہ 2ہفتے میں کرائیں۔
چیف جسٹس نے فریقین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ 2ہفتے سے زیادہ تاخیر نہ کریں،جسٹس ثمن رفعت نے کہا کہ بچوں سے کہہ دیں پڑھائی شروع کریں، ان چکروں میں نہ پڑیں،وکیل میڈیکل یونیورسٹی نے استدعا کی کہ عدالت طلبہ کو فیس جمع کرانے کی ہدایت کرے،عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔