انسانی سمگلنگ ۔۔۔ خوفناک حقائق ... قسط نمبر 63

انسانی سمگلنگ ۔۔۔ خوفناک حقائق ... قسط نمبر 63
انسانی سمگلنگ ۔۔۔ خوفناک حقائق ... قسط نمبر 63

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کینڈا میں انسانی سمگلنگ کی زیادہ تر شکایات غیر ملکی ورکرز سے متعلق سامنے آتی ہیں جو ملک میں فوڈ پراسس ، سرو سز ٹیکنالو جی اور سروس انڈسٹری سے وابستہ ہو تے ہیں۔ اس کے علاوہ ریستورانوں میں کام کرنے والوں کا بھی استحصال کیا جاتا ہے۔ کینیڈا میں لیبر کے لیے سمگلنگ میں منظم جرائم کے ملو ث ہونے کے بہت کم امکانا ت سامنے آئے ہیں تاہم کچھ خاندان یا افراد غیر ملکی ورکرز کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کرتے ہوئے ضرور پائے گئے ہیں۔ غیر ملکیوں کی شکایات میں اپنے آجر کے خلاف اکثر دھو کہ ، مالی استحصال ، ہراساں کرنا اور وطن واپس بھیجنے کی دھمکیاں پائی جاتی ہیں۔ لیبر کے متعلقہ شکایات کی اکثر یت میں کینیڈا لانے کے لیے اختیار کر دہ طریقے میں دھو کے کا عنصرشامل ہونے کے امکانات زیادہ پائے جاتے ہیں۔ 

انسانی سمگلنگ ۔۔۔ خوفناک حقائق ... قسط نمبر 62 پڑھنے کیلئے یہاں کلک کریں
تیسرے فریق (تھرڈ پارٹی )کے ذریعے استحصال 
تھرڈ پارٹی کے ادارے کینیڈامیں ورکر ز کے استحصال کے خاتمے کے پروگرام میں بھی شامل ہوتے ہیں۔ تھرڈ پارٹی ایجنسیز لیبر لیزنگ کمپنی کے طور پر کام کرتی ہیں۔ یہ ایجنسیاں ورکرز کے مالی استحصال میں اور ا ن کو ہراساں کرنے میں ملوث ہوتی ہیں اور غیر ملکی ورکرزاور آجر کو دھوکے اور غلط معلو مات کے ذریعے گمراہ کرتی ہیں۔سرکاری اداروں کی تفتیش سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مونٹریال ، ٹورنٹو اور کال گیرے کے کینیڈین ریکروٹر غیر ملکیوں کو محتاط قیام کے پروگرام کے دوران ملازمت کے جھوٹے وعدوں سے دھوکے میں لاتے ہیں۔ غیر ملکیوں کو ملازمت نہ کرنے کی شرط پر سیاحت کے لیے جاری ہونے والے ویزوں پر ملک میں بلایا جاتا ہے اور ریکروٹر ان سے معقول رقوم بھی وصول کرتے ہیں۔ بعدازاں ان کے ساتھ مزید دھوکہ کیا جاتا ہے اور روز گار فراہم نہیں کیا جاتا ۔ استحصال کی کئی شکایات آجروں کی طرف سے بھی درج ہوتی ہیں جو تھرڈ پارٹی کے ایجنٹ یا اس ایجنسی کے خلاف ہو تی ہیں جس نے غیر ملکی ورکرز مہیا کیے ہوتے ہیں۔ تھر ڈ پارٹی کی بھرتی کے کاروبار ی معاملات اور قانونی جواز بھی بے قاعدگی سے ظاہر ہوتے ہیں۔ ا ن اداروں کی بطور تھرڈ پارٹی پوزیشن لیبر قوانین کے تحت ملازمت کی نگرانی کے عمل کو مزید مشکل بنادیتی ہے۔ جب لیبر لیزنگ اور ریکرو ٹنگ اداروں کو ایک دفعہ زیرتفتیش لایا جاتا ہے اور ان پر عائد کیے جانے والے الزامات ثابت نہ ہوسکیں تو پھر وہ بغیر کسی رکاوٹ کے غیر ملکیوں کی بھرتی کے آپریشنز کو جاری رکھتے ہیں۔ ان میں سے کچھ ادارے اپنے ان گاہکوں کا فراڈ اور دھوکے سے استحصال جاری رکھتے ہیں جو ’’غیر ملکی عارضی پروگرام‘‘ کی پالیسی سے ناواقف ہو تے ہیں۔ جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا ہے کہ کینیڈا میں مقامی ورکرز کا اپنے آجروں کے ہاتھوں زیادہ استحصال ہو تا ہے۔ دراصل یہ ورکرز غریب پسماندہ معاشی پس منظر سے تعلق رکھنے والے ممالک سے آتے ہیں اور کینیڈا میں ملازمت کو ایک اہم مو قع تصو ر کرتے ہیں۔ آجر غیر ممالک سے عورتوں کو بھرتی کر کے کینیڈامیں سیر کے ویزوں پر داخل کر اتے ہیں۔ کینیڈا میں آمد کے بعدایسی عورتوں کو بہت کم اجرت پر طویل ڈیوٹیوں پر کام کرنے پر مجبو ر کیا جاتا ہے۔
ان کے آجر عورتوں پر کافی اثرورسوخ حاصل کرلیتے ہیں۔ وہ ان کو دھمکی کے ذریعے کنٹرول کرتے ہیں ۔ ایسے ورکرز (خصو صاً عورتیں) اپنے آجروں کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔ صوبے وقتاً فوقتاً ایمگریشن کے مختلف پروگرام کے ذریعے ہنر مندورکرز سے ، ان کی ملا زمت کی نو عیت کے لحاظ سے مستقل رہائش کے لیے درخواستیں طلب کرتے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت اہل افراد اور ان کے بیوی بچے مستقل سکونت کیلیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس پروگرام کو ’’پرونیشنل نو مانی پروگرام ‘‘کہا جاتا ہے۔ تھرڈ پارٹی ایجنسیز ریکروٹر (بھرتی کرنیوالے )متبادل ادارے یا ایک لینزنگ لیبر کے ادارے کے طور پر کام کرتی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ یہ ایجنسیاں کینیڈامیں غیر ملکی ورکرز کے استحصال کا ایک اہم عنصر ہیں۔ یہ ادارے مختلف شعبوں کے لیے ورکرز کی تلا ش میں رہتے ہیں ۔
مختلف انڈسٹریز میں ورکرز کی طلب میں اضافہ ہونے سے یہ کینیڈاکے باہر سے بھی غیر ہنر مند افراد کو بھرتی کر کے لاتے ہیں لیکن ایک آجر اپنے طور پربھی غیر ملکی ورکرز کو اجرت پر کام میں لگاسکتا ہے۔ لیکن کینیڈا میں زیادہ تر آجر اور صنعتکا ر دیگر ممالک سے ورکر ز کی بھرتی اور ایمگریشن کی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے تھرڈ پارٹی کو ترجیح دیتے ہیں ۔ اس طرح ایسے ادارے کینیڈا کے اندر اور ورکرز کے ممالک میں ایک نمائندہ ادارے کے طور پر کام کرتے ہیں۔ کینیڈا میں کاروبار کے لیے ورکرز کی سپلائی لیبر لیزنگ کمپنی یا لیبر بروکر کے ذریعے ہو تی ہے۔ اس شعبے میں قواعد و ضوابط کی کمی کی وجہ سے مختلف کمپنیاں ورکرز کی سپلائی کے کام میں مشہور ہو جاتی ہیں۔ کسی کاروبار کے لیے ان کمپنیوں کی طرف سے ورکرز کی سپلائی کا مطلب ہو تاہے کہ مذکو رہ کمپنی ایل ایم او (لیبر مارکیٹ اوپینین)کے لیے براہ راست درخواست دیگی اور یہ ورکرز کی بھرتی ،مزدوری، تربیت اور پے رول کی ذمہ دارہوگی ۔ لیبر لیزنگ کمپنی اور ورکر سائٹ کے درمیان ایک معاہدہ طے پاتا ہے جس کے مطابق باہمی طور پر ورکرز کی رسد اور رقم کی ادائیگی کا طریقہ کار واضح کردیا جاتا ہے۔ لیزنگ کمپنیاں غیر ممالک سے ورکرز کی بھرتی کے لیے زیادہ تنخواہوں اورمعیاری رہائشوں کا وعدہ کرتی ہیں جو کہ پورانہ ہونے کے باعث ورکرز کا استحصال ہو تا ہے اور انسانی سمگلنگ کے دروازے کھلتے ہیں۔(جاری ہے )

انسانی سمگلنگ ۔۔۔ خوفناک حقائق ... قسط نمبر 64 پڑھنے کیلئے یہاں کلک کریں