لبریشن فرنٹ نے 23 جون سے تحریک کے آغاز کرنے کا اعلان کر دیا

لبریشن فرنٹ نے 23 جون سے تحریک کے آغاز کرنے کا اعلان کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سرینگر(کے پی آئی)جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے 23 جون سے کشمیر چھوڑ دو تحریک کے آغاز کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے نومنتخب چیئرمین محمد یاسین ملک نے بھارت کے ظلم و ستم اور یلغار کے جواب میں 23 جون سے کشمیر چھوڑ دو تحریک کے آغاز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کشمیر میں ریاستی عوام سے اس دن مکمل ہڑتال اور لالچوک چلو کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ 66 سالوں سے بھارتیہ جنتا پارٹی ، آر ایس ایس و بجرنگ دل اوروی ایچ پی کا کشمیر کو اکھنڈ بھارت کا حصہ بنانے کے خواب کے پسِ منظر میں رچائی جانے والی تدبیریں کشمیری عوام اپنے جہد مسلسل کے ذریعے ناکام و نامراد بنائیں گی۔ لبریشن فرنٹ کے نو منتخب ترجمان نے راولپنڈی سنٹرل انفارمیشن آفس سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے زیر انتظام آزاد کشمیرو گلگت بلتستان زون کے علاوہ برطانیہ و یورپ ، مڈل ایسٹ اور امریکہ و کینڈا زونز نے مشتر کہ طور پر یک زبان میں کشمیر چھوڑ دو تحریک کو بر حق ، موزون اور وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اسے ہر سطح پر اجاگر اور کامیاب بنانے کا عہد کیا۔ ترجمان نے کہا کہ اس موقع پر آزاد کشمیر و گلگت بلتستان زون سے نو منتخب سینئر وائس چیئرمین اور محمد مقبول بٹ کے ساتھی عبدالحمید بٹ نے اعلان کیا کہ کشمیر چھوڑ دو تحریک میں مزید جان ڈالنے کی غرض سے ، یاسین ملک کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اور بالخصوص بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر احتجاجی پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔ عبدالحمیدبٹ نے اس حولے سے پہلا احتجاجی پرو گرام اسلام آباد میں موجود اقوامِ متحدہ کے مبصر دفتر کے سامنے 25 جون بروز بدھ دن 12 بجے منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جہاں بھارتی عزائم کے خلاف احتجاجی دھرنادیا جا ئیگااور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون کے نام ایک یاداشت بھی پیش کی جائیگی۔ سپریم ہیڈ امان اللہ خان دھرنے میں خصوصی شرکت فرمائیں گی۔

مزید :

عالمی منظر -