چینی خاتون کو کاک پٹ میں لانیوالے پائلٹ کو گراﺅنڈ کیے جانے کا انکشاف، شرمندہ ہوں،پائلٹ کو معطل کرنے کا حکم دیتا ہوں:مہتاب عباسی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) چینی خاتون کو کاک پٹ میں لانیوالے قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے پائلٹ کو گراﺅنڈ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس پر مشیر ہوابازی سردار مہتاب عباسی نے معذرت کرتے ہوئے کہاکہ وہ شرمند ہ ہیں اور ابھی پائلٹ کو معطل کرنے کا حکم دیتے ہیں، مشاہداللہ خان نے بتایاکہ گراونڈ کرناصرف پائلٹ کو جہاز اڑانے سے روکنا ہوتاہے۔
پی آئی اے کی کارکردگی سے متعلق سینیٹ کمیٹی کے اجلاس کے دوران مشاہداللہ خان نے بتایاکہ پائلٹ کو معطل نہیں ،گراؤ نڈ کیا گیا ہے ، میری اطلاعات کے مطابق چینی خاتون پوری پروز کاک پٹ میں رہی، وہ کیا غلط کام کررہے تھے کہ وہ کاک پٹ سے باہر نہیں نکلے ؟جب جہاز لینڈ ہو گیا اس کے بعد لڑکی کاک پٹ میں کیا کرتی رہی؟ اس پائلٹ کو ویڈیو بنانے سے کیا مسئلہ تھا ؟ پائلٹ صاحب ویڈیو بننے سے ڈر رہے تھے لیکن باقی واردات سے نہیں۔
مشاہداللہ خان کے انکشاف پر مشیر ہوابازی سردار مہتاب عباسی نے کہاکہ وہ شرمند ہ ہیں اور پائلٹ کو معطل کرنے کا حکم دیتے ہیں جس پر مشاہداللہ خان کاکہناتھاکہ یہ سب آپ نے تھوڑی کیا کہ آپ شرمندہ ہوں۔شیری رحمان نے استفسار کیایہ کیا تماشا ہے پائلٹ پر جعلی ڈگری کا مقدمہ ہے ، اس پائلٹ کے خلاف کریو ممبران شکایت کرتے تھے؟
پی آئی اے حکام نے کمیٹی کو بتایاکہ عملے کا کوئی بھی رکن اس پائلٹ کےساتھ کاک پٹ میں محفوظ نہیں محسوس کرتا اور اعتراف کیا کہ پائلٹ کو صرف گراﺅنڈ کیاگیا۔ جس پر شیریں رحمان کا کہناتھاکہ ایسے پائلٹ جہاز کیوں چلارہے ہیں ، وہ چینی خاتون کو کاک پٹ میں لے گیا جبکہ مشاہداللہ خان کا کہناتھاکہ دوسرے کریو کے جہاز میں آنے تک وہ لڑکی کاک پٹ میں ہی رہی ، میرے پاس اس معاملے سے متعلق مزید ویڈیو ز بھی موجود ہیں ۔