جوہری نظام محفوظ ہاتھوں میں ہے، پاکستان نیو کلیئر سپلائی گروپ کا ممبر بننے کا اہل ہے، سرتاج عزیز

جوہری نظام محفوظ ہاتھوں میں ہے، پاکستان نیو کلیئر سپلائی گروپ کا ممبر بننے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں قومی مفاد کو ترجیح دیں گے‘ بھارت کی پاکستان کے اندر مداخلت کے ثبوت امریکہ کو بھی دیں گے۔ پاکستان کا جوہری نظام محفوظ ہاتھوں میں ہے‘امریکہ کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون چاہتے ہیں۔ نیوکلیئر سپلائی گروپ کی ممبر شپ کے اہل ہیں خطے میں توازن نہیں بگڑے گا۔ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے سہولت کار بننے کو تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں قومی سلامتی اور دیگر امور پر بات چیت ہوگی۔ قومی مفاد کو کبھی بھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ پاکستان امریکہ کے ساتھ برابری کی بنیادوں پر تعلقات چاہتا ہے۔ پاکستان دفاعی شعبے میں بھی امریکہ کا تعاون چاہتا ہے۔ اس تعاون سے خطے کے اندر طاقت کا توازن نہیں بگڑے گا بلکہ برابر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دورہ امریکہ میں وزیراعظم امریکہ کو باور کرانے کی کوشش کریں گے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا کردار انتہائی کلیدی رہا ہے پاکستانی فوجیوں اور عوام نے جانیں قربان کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر سپلائی گروپ کا ممبر بننے کے حوالے سے امریکہ سے بات چیت ہوگی۔ پاکستان نیوکلیئر سپلائی گروپ کا ممبر بننے کا اہل ہے۔ دوست ممالک پاکستان کو نیوکلیئر سپلائی گروپ کا ممبر بننے کیلئے تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جوہری نظام کسی کیلئے خطرہ نہیں اور جوہری نظام محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور دہشت گردوں کو تعاون فراہم کرتا ہے اس سے قبل اقوام متحدہ کو بھی بھارت کے خلاف ثبوت پیش کئے ہیں اور وزیراعظم کی جانب سے امریکہ کو بھی بھارتی مداخلت کے ثبوت پیش کئے جائیں گے۔