نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کے تمام پہلوؤں سے آگاہ کیا جائے،راجہ سجاد

نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کے تمام پہلوؤں سے آگاہ کیا جائے،راجہ سجاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مظفرآباد( بیورورپورٹ )ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ محمد سجاد خان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کے تمام پہلوؤں سے آگاہی ضروری ہے ۔ آزادکشمیر کے نصاب میں کشمیر کی تاریخ وتحریک کے حوالہ سے معلومات کی فراہمی کے لئے وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایات جاری کی ہیں ۔ایک کمیٹی نصاب کا جائزہ لے کر تجاویز مرتب کرے گی ۔ نیلم ویلی کے عوام نے تحریک آزادی کشمیر اور دفاع پاکستان میں لازوال قربانیاں دیں ہیں ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے طلباء آگاہی مہم کے سلسلہ میں انٹرکالج میرپورہ ضلع نیلم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ناظم تعلیم مظفرآباد ڈویژن راجہ محمد بشیر خان ،نائب ناظم جموں وکشمیر لبریشن سیل محمد جاوید اقبال عباسی ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر جموں وکشمیرلبریشن سیل مدثر عباسی ،پرنسپل ادارہ خواجہ امتیاز لون ،چوہدری عاطف رشید، صائمہ بی بی ،مبشر فاروق، وجیہہ ،عائشہ نذیر، راجہ محسن خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ راجہ محمد سجاد خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے اور حق خودارادیت کی جدوجہد عالمی قوانین کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ 19جولائی 1947کو کشمیریوں نے اپنی منزل پاکستان کو قرار دیا اور آج بھی کشمیری اپنی منزل پاکستان کو سمجھتے ہیں ۔ راجہ سجاد خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان نے طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کی کوشش کررہا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔ آزادکشمیر نے نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم کو اپنی تحریر، تقریر اور سوشل میڈیا پر زیادہ سے زیادہ بے نقاب کریں ۔نیلم ویلی کے عوام نے بہادری ،جرأت اور استقامت سے ہندوستانی جارحیت کا مقابلہ کیا اور جانوں تک کا نذرانہ پیش کیا۔ مسئلہ کشمیر کے آبرومندانہ حل کے لئے پاکستان کا استحکام ومضبوطی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج قابض ،جارح اور ظالم ہے ۔ پاکستانی افواج ہماری محافظ اور مددگار ہیں ہمیں دشمن کی سازشوں سے بھی خبردار رہنا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم تعلیم سکولز مظفرآباد ڈویژن راجہ بشیر خان نے کہا کہ جموں وکشمیرلبریشن سیل کی طرف سے طلباء آگاہی مہم خوش آئند ہے ۔ آزادکشمیر کی حکومت نصاب کاجائزہ لے رہی ہے اور کشمیر کی تاریخ وتحریک کے حوالہ سے نصاب میں اضافہ اور بہتری کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ موجودہ حکومت نے سکولوں میں طلباء وطالبات کو مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے آگاہ کرنے کے لئے ہدایات جاری کی ہیں ۔پانچ لاکھ سے زائد کشمیریوں نے آزادی کشمیر اور الحاق پاکستان کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میراتعلق بھی نیلم ویلی سے ہے جس کے لوگوں نے ہندوستانی فائرنگ کا جوانمردی سے مقابلہ کیا اور آج بھی وہ وطن عزیز پاکستان کے دفاع وسلامتی کیلئے ہرقربانی دینے کے لئے پُرعزم ہیں ۔تقریب میں میرپورہ کے سرکاری تعلیمی ادارہ جات کے علاوہ نجی سکول رائزنگ سٹار کے طلباء وطالبات نے بھی شرکت کی۔ طلباء وطالبات نے ملی نغمے،ترانے اور تقاریر کی اور بریفنگ کے بعد کشمیر کی تحریک وتاریخ کے حوالہ سے سوالات بھی کیے ۔