ایجنسیوں کے سہارے اقتدار تک پہنچنے والے نواز شریف کو اب تنقید جچتی نہیں:امیر العظیم

ایجنسیوں کے سہارے اقتدار تک پہنچنے والے نواز شریف کو اب تنقید جچتی نہیں:امیر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور (انٹرویو،میاں اشفاق انجم) جماعت اسلامی پاکستان یکم ربیع الاول سے سود کیخلاف ملک گیر مہم کا آغاز کر رہی ہے،نبی کریمؐ سے پیار،سود سے انکار،عشرہ سیرت النبی ؐمنائیں گے،گزشتہ30سال سے ایک دوسرے سے دست گریبان جماعتوں کے اتحاد ہمارے نہیں،عوام کے سوچنے کی باتیں ہیں، ماضی میں آرمی چیف کو توسیع دینے والے ایجنسیوں کے سہارے اقتدار تک پہنچنے والے میاں نوازشریف کے منہ سے ایجنسیوں پر تنقید جچتی نہیں،سانپ اور سیڑھی کا کھیل اب تک جاری ہے عوام کی آنکھیں اب کھل جانی چاہئیں،وقت نے ثابت کیا کہ جماعت اسلامی نے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا،بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی سرپرائز دے گی،کراچی کیلئے اعلانات کافی نہیں،حکومت کی اب تک کی کارکردگی زیرو ہے،وزیر اعظم کی وزیروں اور مشیروں کی فوج نے عوام کو مہنگائی کی دلدل میں پھینک دیا ہے،ملک کو صالح قیادت کی ضرورت ہے جو جما عت اسلامی فراہم کر سکتی ہے ان خیالات کا اظہارجماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے روزنامہ پاکستان سے خصوصی انٹرویو میں کیا،انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کا جلسہ 11جماعتوں کا پروگرام تھا،جلسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں،پیپلزپارٹی،(ن) لیگ اقتدار کی باریاں لے چکی ہیں لوٹ مار اور ایک دوسرے پر الزامات کے علاوہ عوام کو کچھ نہیں ملا،30سال کے بعد یہ اتحاد عوام کیلئے تو نہیں بنا، فیصلہ عوام کو کرنا چاہیے کہ ملک اور عوام کی خیر خواہ کونسی جماعت ہے،مشکل وقت میں ہمیشہ جماعت اسلامی عوام کے شانہ بشانہ رہی ہے اب بھی جب تمام جماعتیں عوام کیلئے نکلنے کی بجائے کرپشن بچانے کیلئے متحد ہیں، حکومت کی دو سالہ کارکردگی گزشتہ30سالہ (ن) لیگ،پیپلز پارٹی کی کارکردگی کا تسلسل ہے،موجودہ حکومت نے اپنے منشور کو بھی ایک طرف رکھ دیا ہے،50لاکھ گھر،ایک کروڑ نوکریاں،پروٹو کول کا خاتمہ،وزیر اعظم اور گورنر ہاؤسز کو یونیورسٹیاں بنانا بھول گئے ہیں،سکیورٹی کے حصار میں عوام کی حالت زار وزیر اعظم کو نظر نہیں آ رہی، مہنگائی، بے روزگاری نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے،جماعت اسلامی اپنی علیحدہ پہچان برقرار رکھے گی،امیر العظیم نے کہا کہ ہمارے معاشی نظام کی تباہی کا ذمہ دار سود کا لین دین ہے ہم نے اللہ اور اس کے رسولؐ کے فرمان سے بغاوت کر کے سود کا نظام نافذ کر رکھا ہے، ہم سود پر قرضے لے رہے ہیں،سود پر قرضے دے رہے ہیں اور برکت اللہ سے مانگ رہے ہیں، ہم آج سے سود کے خلاف اعلان جنگ کر رہے ہیں کیونکہ نبیﷺکا پیغام سود کا اختتام ہے،نبیﷺ سے پیار سود سے انکار میں ہے،اللہ کو پیارا،سود سے چھٹکارا کے سلوگن کے تحت پروگرامات کریں گے،سودی نظام کے خلاف طویل تحریک میں شریک ہونے کیلئے تمام جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں،ملکی معیشت بچانے کیلئے عوام بھی سود کیخلاف مہم میں شامل ہو جائیں،امیر العظیم نے کہا کہ ہمیں تنہاپرواز کا طعنہ دینے والے سن لیں ہم تنہا نہیں ہیں ہم اور عوام ایک ہیں،کوئی ثابت کرے کہ عوام کو ہم نے مشکل وقت میں تنہا چھوڑا ہے،بلدیاتی الیکشن کیلئے ہم تیار ہیں،حکومت بار بار بھاگ رہی ہے،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی نے کہا کہ گوجرانوالہ کی طرح کراچی کے آج ہونے والے جلسے کی کامیابی اور ناکامی پر حکومتی اور اپوزیشن کے درمیان بحث جاری رہے گی،یقینا ملک میں ہر آنے والے دن میں بحران بڑھ رہا ہے،عوام کی کسمپرسی بڑھ رہی ہے،یوٹیلٹی بلز سے تنگ عوام کو روزمرہ استعمال کی چیزوں کی مہنگائی نے جینا دوبھر کر دیا ہے،وزیر اعظم نوٹس نہ لیں عملی اقدامات کریں،عوام کے غضب کو دعوت نہ دیں،انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کیخلاف محاز آرائی کیخلاف ہیں،اداروں کی جو ذمہ داری ہے انہیں پوری کرنا چاہیے۔ امیرالعظیم نے کہا کہ اب ایجنسیوں کے ذریعے حکومت بنانیوالوں اور گرانیوالوں کو ایجنسیوں کا سہارا نہیں مل رہا ان کو دشمن لگنا شروع ہوگئے ہیں۔
 امیر العظیم 

مزید :

صفحہ اول -