وزیراعظم ملکی معیشت کے استحکام کیلئے انتھک محنت کر رہے ہیں: شیخ رشید

وزیراعظم ملکی معیشت کے استحکام کیلئے انتھک محنت کر رہے ہیں: شیخ رشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملکی معیشت کے استحکام کیلئے بے پناہ جدوجہد کررہے ہیں، عالمی ادارے اب پاکستان پر اعتماد کررہے ہیں،پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر کی رقم موصول ہوگئی ہے جس کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں ٹیکس نظام میں اضافہ ہورہا ہے، ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھ رہی ہے اور جلد ہی قوم کو بدلا ہوترقی یافتہ پاکستان نظر آئے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روزIbisہوٹل لندن  میں پاکستان ایکسپو  2019 کے افتتاح کے بعد گفتگو کے دوران کہی۔شیخ رشید نے کہا کہ  مضبوط اکنامی ہونے سے ہی آزاد خارجہ پالیسی ہوگی، ہم مشکل معاشی حالات کا سامنا کرکے ہی ایک مضبوط ملک کی بنیادرکھ رہے ہیں جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک نے بھی یقین دلادیا ہے کہ ملک درست سمت میں آگیا ہے، پاکستان کی ترقی میں کاروباری برادری کا اہم کردار ہے جبکہ اوورسیزپاکستانیوں نے بھی ہر قدم پر پاکستان کو مستحکم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ بیرون ممالک میں پاکستانی مصنوعات کی تشہیر سے وہاں کی مارکیٹوں تک پہنچا جاسکتا ہے،پاکستانی دستکاریوں کی بیرون ملک مانگ بڑھ سکتی ہے،سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد سے بھی ایکسپورٹرز کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اس لئے کوشش کی جائے کہ بیرون ممالک زیادہ سے زیادہ تجارتی نمائشیں منعقد کی جائیں۔ اس موقع پر چیئرمین پاک ورلڈ ٹریڈ سینٹر پاکستان  اور  ٹریڈ ایمبیسڈرخورشید برلاس نے بتایا کہ نمائش میں  جیولری،سروسز،رئیل اسٹیٹ، گارمنٹس، مصنوعی زیورات،جیمز واسٹون،میک اپ کا سامان،کنگفکشنری آئٹمز،،رائس اور دیگر  سامان کے تقریباً60اسٹالز قائم کئے گئے اور پاکستان کے شہروں لاہور،راولپنڈی،اسلام آباد،ملتان،کراچی، بہاولپور، کامونکی سے نمائندگی ہے،نمائش میں آنے والوں نے مصنوعات کو نہ صرف پسندکیا بلکہ اشیاء کی خریداری بھی کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کے لئے چیمبرز آف کامرس سے روابط بڑھائے جائیں تاکہ سرمایہ کاروں کوہر قسم کی معلومات اور سہولیات فراہم کی جاسکیں ،ہم نے  پاکستان یوکے انوسٹمنٹ کانفرنس  کا بھی انعقاد کیا جس میں لندن سمیت  برطانیہ کے دیگر شہروں سے سرمایہ کار شریک ہوئے،اس کانفرنس میں یہ بات سامنے آئی کہ سرمایہ کار پاکستان اور برطانیہ دونوں ملکو ں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن پاکستان کے  رہنما اورانٹرنیشنل بزنس کنسلٹنٹ فہد برلاس  نے کہا کہ لندن  کے لوگوں بالخصوص خواتین نے پاکستانی اشیاء کو بے حد پسند کیا اور دوطرفہ تجارتی وفود کے تبادلوں اور   نمائشوں کے انعقادسے پاکستانی بزنس مین یوکے میں اپنے کاروبار کو وسعت دے سکتے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -