زرداری حکومت 2ماہ، (ن) لیگ صرف 2ہفتوں کا زرمبادلہ چھوڑ گئی: عمر ایوب

زرداری حکومت 2ماہ، (ن) لیگ صرف 2ہفتوں کا زرمبادلہ چھوڑ گئی: عمر ایوب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 فیصل آباد (سپیشل رپورٹر)وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے دور میں کئے گئے مہنگی بجلی کے معاہدوں کے باعث حکومت کو اربوں روپے کے مالی بوجھ کا سامناکرنا پڑ رہا ہے کیونکہ معاہدوں کے مطابق آئی پی پیز بجلی پیدا کریں یا نہ کریں انہیں رقوم کی ادائیگی لازمی کرنا ضروری ہے جبکہ ملک میں 70فیصد بجلی درآمدی تیل کے باعث انتہائی مہنگی بن رہی ہے مگر قابل تجدید توانائی کے تحت ہم 6روپے 50پیسے یونٹ بجلی دے رہے ہیں جو ماضی میں 24روپے یونٹ تھی اسی طرح کورونا وباکے دوران عوام کو 650ارب روپے کی رعائت دی گئی۔ جمعرات کے روز ایم تھری انڈسٹریل سٹی ساہیانوالہ فیصل آباد میں 132کے وی اے گرڈ اسٹیشن اور ون ونڈو سروس سنٹرز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران عمر ایوب نے کہاکہ ہم پیپلز پارٹی کی حکومت کو اکثر برا کہتے ہیں لیکن زرداری 2ماہ کا زر مبادلہ چھوڑ کر گئے مگر پچھلی حکومت صرف 2ہفتوں کا زر مبادلہ چھوڑ کر رخصت ہوئی۔وہ پارلیمنٹ اور میڈیا پر جن بارودی سرنگوں کی بات کر تے ہیں وہ ساری پچھلی حکومت کے چھوڑے ہوئے مسائل ہیں۔2013 میں لازمی ادائیگی کی مد میں ہمیں 185ارب روپے دینا تھے ا اور2018میں 650ارب روپے جبکہ 2020میں 860ارب روپے ان کے معاہدوں کی وجہ سے پاکستان کو ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔ 1.95 روپے یونٹ کا اضافہ حکومت نے انتہائی مجبوری میں دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری جی ڈی پی کل ملا کر 600ارب ڈالر بنتی ہے یعنی ہماری معیشت کا کل حجم 600ارب ڈالر تک ہے۔ ہمارا ملک ایک بہت بڑا ملک ہے اور ہمارے پاس ایرو ناٹیکل،میزائل،جہازبنانے کے کارخانے موجود ہیں۔ انر جی سیکٹر میں 40ارب ڈالر سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔حکومت کا ویڑن ہے کہ 2030تک 60فیصد تک گرین انرجی پیدا کی جائے جس میں سولر،بائیو،ونڈ انرجی کے منصوبے شامل ہیں۔سیالکوٹ، مرید کے،گجرات،لاہور اور فیصل آباد میں بڑی تیزی سے انڈسٹری آرہی ہے جس کی بڑی وجہ حکومت کے شفاف اقدامات ہیں۔
عمر ایوب

مزید :

صفحہ آخر -