خیبرپختونخوا حکومت کا کرم ایجنسی میں امن و امان کی بحالی کے لیے آپریشن کا فیصلہ
پشاور (آئی این پی)خیبر پختونخوا کی حکومت نے کرم ایجنسی میں امن و امان کی بحالی کے لیے مختلف علاقوں میں آپریشن کا حتمی فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کرم ایجنسی کے کشیدہ علاقوں بگن، چھپری، چھپری پروان، مندوری میں آپریشن کیا جائے گا، تاکہ علاقے سے بدامنی کا خاتمہ کیا جاسکے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کرم کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے متاثرین کے لیے عارضی کیمپ قائم کیے جائیں گے۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کرم ایجنسی میں آپریشن کے دوران متاثرین کے لیے کیمپ ضلع ہنگو میں قائم کیے جائیں گے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے ہنگو میں 2 کالجزز، ریسکیو کمپانڈ اور جوڈیشل بلڈنگ میں کیمپ قائم کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ 2 روز قبل خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے بگن میں امدادی سامان پاراچنار لے جانے والے گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کردی گئی تھی، جس کے نتیجے میں ایک سپاہی سمیت متعدد افراد جاں بحق ہوئے تھے، 4 ڈرائیورز کی تشدد زدہ لاشیں بھی بگن کے علاقے سے ملی تھیں۔
ہنگو کے اسسٹنٹ کمشنر سعید منان نے ٹل سے پاراچنار امدادی سامان لے جانے والی 35 گاڑیوں پر مشتمل قافلے پر حملے کی تصدیق کی تھی۔بعد ازاں خبر آئی تھی کہ امدادی سامان پاراچنار لے جانے والے گاڑیوں کے قافلے پر بگن میں حملے کے نتیجے میں اموات کی تعداد 10 تک جا پہنچی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر قیصر عباس نے بتایا تھا کہ گاڑیوں کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں اب تک جن افراد کی اموات کی تصدیق ہوئی ہے، ان میں ایک اور سیکیورٹی اہلکار، 6 ڈرائیورز اور 2 مسافر بھی شامل ہیں۔