الیکشن کمیشن کی طرف سے ووٹروں کے لئے ٹرانسپورٹ کا اہتمام

الیکشن کمیشن کی طرف سے ووٹروں کے لئے ٹرانسپورٹ کا اہتمام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملکی انتخابات کی تاریخ میں پہلی بار الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 151 میں ضمنی انتخابات کے موقعہ پر جو آج (جمعرات) ہورہے ہیں، کمیشن کی طرف سے ووٹروں کو ٹرانسپورٹ مہیا کی جائے گی، اس مقصد کے لئے 71 گاڑیاں کرائے پر حاصل کی گئی ہیں جن کے ذریعے ووٹروں کو 29 پولنگ سٹیشنوں پر لایا جائے گا۔ اس حلقے میں کل 245 پولنگ سٹیشن ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ایک اہل کار نے بتایا ہے کہ اگلے عام انتخابات میں بھی الیکشن کمیشن ووٹروں کو ٹرانسپورٹ مہیا کرے گا۔ سارا دن گاڑیاں اس مقصد کے لئے رواں دواں رہیں گی۔
انتخابی ضابطوں کے تحت کوئی امیدوار ووٹروں کو پولنگ سٹیشن تک لانے اور لے جانے کے لئے ٹرانسپورٹ مہیا نہیں کرسکتا، لیکن اب تک ہمیشہ ہی اِس ہدایت کو نظر انداز کیا گیا۔ وجہ غالباً یہی ہے کہ جن ووٹروں نے ووٹ ڈالنے ہوتے ہیں اگر پولنگ سٹیشن اُن کے گھروں سے دُور ہیں تو ظاہر ہے انہیں کسی ٹرانسپورٹ پر ہی آنا جانا ہوتا ہے۔ امیدوار یا ان کے حامی یہ خدمت بہم پہنچاتے ہیں، اگر امیدوار ایسا نہ کریں تو ووٹر گھروں سے ہی نہیں نکلے گا، کم از کم ووٹنگ والے دن تو کوئی ایسا ہونا چاہئے جو ووٹروں کے ناز نخرے اٹھائے۔ چنانچہ ایسا ہوتا رہا ہے اور شاید آئندہ بھی ہوتا رہے۔ اگرچہ عام انتخابات میں بھی الیکشن کمیشن نے ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، لیکن پورے ملک میں شاید اتنی زیادہ ٹرانسپورٹ آسانی سے دستیاب نہ ہو۔ بہرحال اگر کمیشن نے ذمہ داری اٹھانے کا اعلان کیا ہے تو امید ہے یہ نبھائی بھی جائے گی۔ حلقہ این اے 151 کے ضمنی انتخابات میں آج کسی حد تک اندازہ بھی ہوجائے گا کہ یہ کام کتنی خوش اسلوبی سے ہوسکتا ہے۔ توقع ہے الیکشن کمیشن کی یہ روایت کامیابی سے آگے بڑھے گی، اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ ووٹر کسی امیدوار کے اخلاقی دباﺅ سے آزاد ہوکر اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے اور اس کے نتیجے میں ووٹروں کی آزاد رائے ہی سامنے آئے گی۔ الیکشن کمیشن کے اس مثبت اقدام کا خیرمقدم کیا جانا چاہئے۔

مزید :

اداریہ -