افطاری کیلئے مزیدار نمکین ڈشیں

افطاری کیلئے مزیدار نمکین ڈشیں
افطاری کیلئے مزیدار نمکین ڈشیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(زلیخااویس) رحمتو ں اور برکتوں کے مہینے میں تمام معمولات زندگی کی ترتیب یکسر تبدیل ہوجاتے ہے۔روزے کے دوران ا نسانی جسم کوتوانائی کی بھی ضرورت پڑتی ہے اسی لئے تمام دنوں کی نسبت پورے دن روزے کے بعد متوازن غذا بے حد ضروری ہے جس کے لئے نت نئے پکوانوںکا سہارالیا جاتا ہے، سارا دن بھوکا پیاسارہنے کی وجہ سے افطاری میں نمکین چیزیں کھانے کو جی چاہتاہے ۔اوقات سحر وافطار میں چوں کہ وقت انتہائی قلیل ہوتا ہے جس کے پیش نظر ایسی ڈشوں کی تیاری اولین ترجیح ہوتی ہے جو ذائقے اور ،توانائی سے بھرپوراورجھٹ پٹ تیار ہوجائیں۔
 خاص طور سے افطار کے دستر خوان پر انواع و اقسام کی ڈشز کے لئے گھر والوں کی طرف سے خاص مطا لبہ ہوتا ہے۔ ہر کسی کی پسند کا خیال رکھنا اورپھر روزانہ نت نئی ڈشز تیار کرنا واقعی ایک مشکل مرحلہ ہے، خواتین کی اسی مشکل کے پیش نظر ہم لائے ہیں، افطاری کے اہتمام کے لئے چند خاص ڈشز،انہیں آزمایئے اور افطاری کے دستر خوان کی رونق بڑھایئے۔
نمک پارے
اجزاٗء:
آٹا دو پیالی،گھی حسب ضرورت،آلو تیں عدد، پسی ہوئی کالی مرچ ایک چائے کاچمچہ،نمک حسب ذائقہ،پسا ہوا زیرہ چائے کا ایک چمچہ۔
ترکیب:
آٹا چھان کر اس میں نمک، پسی ہوئی کالی مرچیں اور پسا ہو ا زیرہ ملائیں۔ آلو ابال کر چھیلیں اور باریک کچل کر آٹے میں مکس کرلیں۔ہلکا سا پانی بھی شامل کرلیں،تاکہ آمیزہ ٹھیک طرح سے گوندھ جائے۔پھر اسے بیل لیں اور چھری کی مدد سے کاٹ کر نمک پاروں کی شکل بنائیں،پھر انہیں گھی میں تل کرنکال لیں۔ مزے دار نمک پارے تیارہیں۔ کسی جار میں محفوظ کر کے رکھ لیں۔ افطاری کے بعد چائے کے ساتھ بہت مزہ دیں گے۔


چنوں کی چاٹ
اشیاء:
کابلی چنے (چھوٹے والے ) آدھا کلو، املی ایک چھٹا نک، کھانے کاسوڈا کھانے کا ایک چمچہ، آلو ابلے ہوئے ایک پاﺅ،نمک حسب ذائقہ،ثابت لال مرچیں بھنی ہوئی دس عدد، زیرہ (ثابت بھناہوا) کھانے کا ایک چمچہ،پیاز ایک عدد، ٹماٹر دو عدد، ہری مرچ دو عدد، کلو نجی کھانے کاایک چوتھائی چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی چائے کاایک چوتھائی چمچہ، چینی کھانے کے دو چمچے۔
ترکیب:
چنوں میں سوڈا ملاکرچھ سے آٹھ گھنٹے تک بھگوئیں۔ ابالنے سے پہلے سوڈا ملا کر آدھا پانی پھینک کر اتنا ہی تازہ پانی شامل کریں، تاکہ ذائقے پر اثر نہ پڑے۔ خیال رہے کہ پانی کی مقدار مناسب رہے۔ اب نمک ڈال کرابال لیں۔جب چنے آدھے گل جائیں،تو بھنی ہوئی ثابت لال مرچیں اور بھنا ہوا زیرہ پیس کرانہیں چنوں میں شامل کردیں۔ یہ عمل ذائقے اور رنگت کو نکھاردے گا۔اب گٹھلیاں علیحدہ کی ہوئی املی کو بھگودیں، پھراس میں تھوڑا سا نمک، لال مرچ،چینی اور کلو نجی ڈال کر چولہے پراتنا پکائیں کہ گاڑھاپیسٹ بن جائے۔ اب آلوﺅں کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے املی کے پیسٹ میں ڈالیں اور اچھی طرح مکس کردیں۔ اب باریک کٹا ہوا سلاد پتا، پیاز، ٹماٹر،ہرادھنیااور ہری مرچ چنوں پر سجادیں۔مزے دار چنے تیار ہیں۔
آلو کے لذیذ رولز
اجزاء:
آلو دو بڑے (ابلے ہوئے ) قیمہ ایک پاﺅ ،نمک، مرچ، گرم مصالحہ حسب ضرورت، ہرادھنیا تھوڑاسا،گھی حسب ضرورت، ڈبل روٹی کے سوکھے ٹکڑے چار عدد (اسے پانی میں بھگودیں )، پیاز ایک عدد، لہسن پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ،انڈے دوعدد(اچھی طرح پھینٹ لیں)۔
ترکیب:
قیمے میں نمک، مرچ، گرم مصالحہ،لہسن ڈال کر پکنے دیں،گلنے کے لئے تھورا سا پانی استعمال کریں۔ آلوﺅں کو مسل لیں اور اس میں ڈبل روٹی کے ٹکڑے، مرچ،ہرادھنیا، کٹی لال مرچ،لیموں کا رس تھوڑاسا ملاکرمکس کریں اور آلوﺅں کی گول ٹکیاں بناکر اس کے درمیان میں قیمہ، بھریںاور اسے لمبے رول جیسی شکل دے کر انڈوںمیں ڈبوکرفرائی کرلیں۔

چاول کے پکوڑے
اجزاء:
چاول ایک پیالی (ابلے ہوئے )،کالی مرچ حسب ذائقہ،ہرادھنیا آدھی گٹھی،نمک حسب ذائقہ، ہری مرچ پانچ عدد،تیل حسب ذائقہ،پیاز باریک کٹی ہوئی ایک عدد،لال مرچ ایک چائے کا چمچہ،گرم مصالحہ ایک چائے کا چمچہ،زیرہ سفید کٹا ہوا ایک چائے کاچمچہ،ہرادھنیا باریک کٹا ہوا۔
ترکیب:
ایک پیالے میں چاول اچھی طرح سے میش کر لیں،اب اس میں تمام مصالحے اور چیزوںکوشامل کرکے اچھی طرح سے مکس کریں اور پکوڑوں کی شکل میں بنا کر گرم تیل میں گولڈن براﺅن کر یں۔
آلو چاٹ
اجزاء:
آلو ابلے ہوئے2 بڑے (چوکورکاٹ لیں )،چاٹ مصالحہ دوچائے کاچمچہ،سرخ پسی ہوئی مرچ ایک چائے کا چمچہ، ہرادھنیا باریک کٹاہوا دو کھانے کے چمچے،نمک حسب ذائقہ،پیاز ایک بڑی (باریک چوکور کٹی ہوئی )،ہری مرچ کٹی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ،لیموں کا رس دو چائے کا چمچہ۔
ترکیب:
تمام مصالحہ جا ت کو آلوﺅں میں مکس کرکے ڈش میں سرو کر یں۔   
ڈبل روٹی کے شامی کباب
اجزاء:
ڈبل روٹی ایک پیکٹ،اناردانہ پسا ہوا تین چائے کے چمچے، ادرک دوانچ کا ٹکڑا ،انڈ ے دو عدد، ہری مرچ چار عدد،سوکھا دھنیا ایک چائے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ ،لال مرچ ایک چائے کاچمچہ گرم مصالحہ حسب ضرورت ،اجوائن تھوڑی سی۔
ترکیب:
ڈبل روٹی میں تھوڑاسا پانی ڈال کر مسل لیں، خیال کریں کہ زیادہ نرم آمیزہ نہ ہوجائے۔ اس میں اناردانہ اور ادرک اچھی طرح پیس کر ڈالیں۔ اب اس میں ہری مرچ باریک کاٹ کر ،ثابت دھنیا،پسا ہوا گرم مصالحہ، لال مرچ اور اجوائن ڈال کر گوندھ لیں۔ انڈے پھینٹ کر رکھ دیں۔ ڈبل روٹی کے آمیزے کی ٹکیہ شامی کباب کی طرح بناکر انہیں انڈا لگا کر گرم گھی یا تیل میں براﺅن تل لیں۔ٹماٹر،سلاد کے پتوں کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

مزید :

پکوان -