کورونا سے ڈرنے کے بجائے احتیاط کرنا ہوگی،گل محمد مرزا

کورونا سے ڈرنے کے بجائے احتیاط کرنا ہوگی،گل محمد مرزا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سٹی رپورٹر) پاک چائنہ بزنس کمیونٹی کے صدر گل محمد مرزا نے کہا ہے کہ کوروناوائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونا نا گزیر ہے،ہم نے کورونا وائرس سے خوفزدہ ہونے کی بجائے احتیاطی تدابیر اپنا کر نہ صرف اپنی حفاظت کرنی ہے بلکہ اپنے اردگرد موجود لوگوں کو بھی آگاہی دینی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ احتیاطی تدابیر کو ہرگز نظر انداز نہ کیا جائے۔

کیونکہ یہ نہ صرف کسی ایک شخص کے لئے نقصان دہ ہے بلکہ اس سے دوسروں کی زندگیوں کو بھی خطرات لا حق ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کڑ اوقت ہے اور ہم سب کو اپنے رب کے حضور معافی مانگنی چاہیے اور انشااللہ یہ مشکل وقت بھی ٹل جائے گا۔پاک چائنہ بزنس کمیونٹی کے تمام عہدیداران کرونا وائرس کی بیخ کنی کے لئے بہت پہلے سے آگاہی مہم چلائے ہوئے ہیں۔چین کے شہر ووہان میں ایک لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں لیکن 70 سے 80 ہزار لوگ صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ دنیا بھر میں ٹی بی، ایڈز، ڈائریا، ہیپاٹائٹس سے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں اموات ہوتی ہیں صرف ٹی بی کے جر ثومہ سے ہونے والی ٹی بی سے ہر سال 15 لاکھ لوگ مرتے ہیں۔ اسی طرح ڈائریا سے بہت ساری اموات ہوتی ہیں۔ اسی طرح آج کی تیزی سے پھیلتی ہوئی بیماری کینسر ہے جس کے ہزاروں کیس روزپکڑے جارہے ہیں اور اس سے سالانہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ مر رہے ہیں جبکہ کرونا وائرس سے ابھی تک تین سے چار ہزار لوگ فوت ہوئے ہیں۔اگرچہ پاکستان میں بھی تادم تحریر 16 مریضوں میں وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہو چکا ہے مگر بہت زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انشا اللہ کرونا وائرس پاکستان میں نہیں پھیلے گا۔