اکشے کمار کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ نے زندگی بھر ایک ہی شخص کی محبت میں گرفتار رہنے کا نادر طریقہ بھی بتا دیا
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ ٹوئنکل کھنہ سوشل میڈیا پر ’بابا ٹوئنک دیو‘ (Baba Twink Dev)کے ہیش ٹیگ کے ساتھ گاہے علم و دانش کے موتی بکھیرتی رہتی ہیں، جنہیں پڑھ کر صارفین کے چہروں پر مسکراہٹ پھیل جاتی ہے۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق گزشتہ دنوں انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر زندگی بھر ایک ہی شخص کی محبت میں گرفتار رہنے کا ایک انتہائی نادر طریقہ بھی بتا دیا ہے۔
ٹوئنکل کھنہ، جو اب اکشے کمار کی اہلیہ ہیں، نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں لکھاہے کہ ”زندگی بھر ایک ہی شخص کے ساتھ محبت کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے اور وہ طریقہ یہ ہے کہ آپ جلدی مر جائیں۔ جب آپ کو مسلسل ایک ہفتے سے ٹوائلٹ کا ڈھکن کھلا مل رہا ہو تو میرے خیال میں سمجھ لینا چاہیے کہ وقت آ گیا ہے۔“
رپورٹ کے مطابق ٹوئنکل کھنہ کی یہ پوسٹ دراصل ان کے شوہر اکشے کمار کے لیے تھی، جو ٹوائلٹ کا ڈھکن کھلا چھوڑ دیتے ہیں اور ٹوئنکل کھنہ ان کی اس عادت سے سخت پریشان ہیں۔ٹوئنکل کھنہ کی اپنے شوہر کو دی گئی یہ تنبیہ انٹرنیٹ صارفین کے لیے تفریح طبع کا باعث بنی ہوئی ہے۔