جامعہ اردو کے شعبہ ابلاغ عامہ میں کمیونٹی میڈیا کے موضوع پر نشست
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی جامع اردو عبد الحق کیمپس میں شعبہ ابلاغ کے زیر اہتمام 'پاکستان اور کینیڈا میں کمیونٹی میڈیا کا تقابل' کے زیرعنوان لیکچر کا انعقاد ہوا۔ لیکچر میں کینیڈا میں مقیم پاکستانی نژاد کینیڈین سینئر صحافی و رپورٹر محسن عباس بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی اور کینیڈا میں قصبے اور چھوٹے شہروں کی سطح پر ہونے والی کمیونٹی صحافت پر تفصیلی گفتگو کی۔محسن عباس نے کہا کہ "اگرچہ انٹرنیٹ کینیڈا کے مقابلے میں پاکستان میں سستا ہے لیکن لوگ اس کے باوجود کیمونٹی سطح پر معیاری اور قابل اعتماد صحافت نہیں کر پارہے، پاکستان میں زیادہ تر مرکزی دھارے (مین اسٹریم میڈیا) کا ماڈل کام کر رہا ہے لیکن لوگوں کی خوشحالی کمیونٹی سطح پر ہونے والی صحافت کے ذریعے ممکن ہے"۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے محسن عباس کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں چھوٹے شہروں کے چھوٹے اخباروں کو بڑے سے بڑے اور چھوٹے سے چھوٹے بزنس مین اشتہارات دیتے ہیں جبکہ کینیڈا میں کمیونٹی میڈیا اور اخبارات کو مختلف مد میں سبسڈیز بھی دی جاتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہاں کمیونٹی میڈیا پھل پھول رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہاں عام لوگ بھی مین اسٹریم سے زیادہ کمیونٹی میڈیا کے استعمال کو ترجیح دیتے ہیں۔ محسن عباس نے طالب علموں کے سوالوں کے مفصل جواب دیے اور پاکستان میں کمیونٹی صحافت کے حوالے سے تجاویز بھی دیں۔شعبہ ابلاغ عامہ کے لیکچرار ایاز احمد لغاری نے سیمینار کی نظامت انجام دی اور آخر میں مہمان کا شکریہ ادا کیا۔