سیف علی خان پر حملہ، نئی ویڈیو منظر عام پر آگئی
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کرنے والے شخص کی ایک نئی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں اسے اداکار کے گھر داخل ہونے سے پہلے سیڑھیاں چڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کا وقت رات 1:37 بجے کا ہے، جس میں حملہ آور کو محتاط انداز میں آگے بڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ اس نے اپنا چہرہ ڈھانپ رکھا تھا اور ایک بیگ اٹھا رکھا تھا۔
ایک اور ویڈیوجو عمارت کی چھٹی منزل سے منظر عام پر آئی میں حملہ آور کو واقعے کے بعد فرارکے وقت سیڑھیاں اترتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کے بعد اسے کہیں نہیں دیکھا گیا۔ شبہ ہے کہ اس نے آگ بجھانے کے راستے (فائر شافٹ) کا استعمال کرکے فرار حاصل کیا۔ حملہ آور جب گھر میں داخل ہوا تو اس نے چہرہ چھپایا ہوا تھا جب کہ واپسی پر اس کا چہرہ واضح تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق عمارت کے لابی ایریا کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آور کا کوئی نشان نہیں ملا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس نے داخلے اور فرار کے لیے مین گیٹ کا استعمال نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق وہ قریبی عمارت کی دیوار پر چڑھ کر ’ستگرو شرن‘ کمپاؤنڈ میں داخل ہوا۔ اداکار کا گھر اس عمارت کی چار منزلوں پر پھیلا ہوا ہے، جو ممبئی کے پوش علاقے باندرہ میں واقع ہے۔
پولیس کو شک ہے کہ حملہ آور نے فرار ہوتے وقت کپڑے بدل لیے ہوں گے تاکہ شناخت سے بچا جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسے واقعے کے بعد باندرہ ریلوے سٹیشن کے قریب دیکھا گیا۔ حملہ آور کو سب سے پہلے سیف علی خان کے چھوٹے بیٹے جہانگیر کے کمرے میں ان کی آیا نے دیکھا۔ آیا نے اسے روکنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکیں۔ گھر کے ایک اور ملازم نے سیف کو اطلاع دی، جنہوں نے حملہ آور سے لڑنے کی کوشش کی لیکن چاقو کے وار سے زخمی ہو گئے۔ سیف علی خان کو چھ زخم آئے، جن میں سے ایک گردن پر اور دوسرا ریڑھ کی ہڈی کے قریب تھا۔ انہیں فوراً قریبی لیلاوتی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کا آپریشن کیا گیا۔