کچے کے علاقے میں پولیس کو کروڑوں روپے کا جدید اسلحہ، کواڈکاپٹرز اور بکتر بند گاڑیاں دینے کا فیصلہ
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا مشن، سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے کچے اور بارڈر ایریا میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کچے کے علاقے میں پولیس کو 2 ارب روپے مالیت کا جدید اسلحہ اور مشینری فراہم کی جائے گی۔ جدید اسلحہ، کواڈکاپٹرز اور بکتر بند گاڑیاں پولیس کی استعداد میں اضافہ کریں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جدید کواڈکاپٹرز کچے کی سرویلنس کیساتھ ساتھ ٹارگٹ کو نشانہ بنانے میں بھی معاون ہوں گے۔ اجلاس سے خطاب میں سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف پولیس کو بھرپور وسائل فراہم کر رہے ہیں۔ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے پنجاب میں 34 جوائنٹ چیک پوسٹس تعمیر کی جا رہی ہیں۔ پہلے مرحلے میں 19 جوائنٹ چیک پوسٹس تعمیر کے مراحل میں ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جوائنٹ چیک پوسٹس کے پروفیشنل ڈیزائن اور مضبوطی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے پولیس جوانوں کیلئے ہارڈ ایریا الاؤنس شروع کیا ہے اس سے کچے کے علاقوں اور بارڈر ایریا میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، آر پی او ڈی جی خان سجاد حسن خان، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس ڈاکٹر زیشان حنیف نے شرکت کی۔ کمشنر ڈی جی خان، کمشنر بہاولپور، آر پی او رحیم یار خان، ڈپٹی کمشنر راجنپور اور رحیم یار خان اور ڈی پی او رحیم یار خان اور راجنپور نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔