غریبوںکو انصاف نہ ملنے کی بڑی وجہ قومی اداروں کی غیر ذمہ داری ہے ،چوہدری محمد سرور

غریبوںکو انصاف نہ ملنے کی بڑی وجہ قومی اداروں کی غیر ذمہ داری ہے ،چوہدری محمد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان (اے این این )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں غریبوں کو انصاف نہ ملنے کی سب سے بڑی وجہ قومی اداروں کا ذمہ داری سے کام نہ کرنا ہے۔عام آدمی انصاف کے حصول کے لئے ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر جاتا ہے مگر اس کی داد رسی نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ صحت و تعلیم کے شعبو ں میں حکومت ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری عبدالوحید ارائیں کے گھر آمد پر علاقہ عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اراکین اسمبلی،انتظامی آفیسران اور معززین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے لئے جی ایس پی پلس سٹیٹس سے فائدہ اٹھانا انتہائی ضروری ہے تاہم بجلی اور گیس کی کمی سے انڈسٹری بُری طرح تباہ ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف عوامی مسائل کے حل کے لئے انتہائی سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔بعد ازاں ،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری عبدالوحید ارائیں کے ہمراہ گارڈن سٹی میں گورنمنٹ زینت میڈیکل سنٹر کا افتتاح کیا۔مذکورہ میڈیکل سنٹر کو اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں صحت کی سہولتیں نہ ہونے کے برابرہیں جبکہ آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔گورنر نے کہا کہ وہ صحت و تعلیم کے شعبوں میں بہتری کے لئے کاوشیں کر رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے گورنر بننے کے بعد پروٹوکول نہیں لیا اور پرائیویٹ گاڑی میں سفر کرنا زیادہ مناسب سمجھتے ہیں۔بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ایم این اے ملک عبدالغفار ڈوگر کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے میں شرکت کی اور مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں
چوہدری محمد سرور

مزید :

صفحہ آخر -