ایکسیئن لیسکو ڈیفنس ملک ندیم کی عبوری ضمانت خارج
لاہور(نامہ نگار)سپیشل جج سنٹرل لاہور محمد رفیق نے لیسکو علامہ اقبال ٹاؤن میں فرضی افراد کو پینشن دینے کی آڑ میں 22کروڑ سے زائد رقم خوردبرد کرنے کے کیس میں ملوث ایکسیئن لیسکو ڈیفنس ملک ندیم کی عبوری ضمانت خارج کردی۔سپیشل جج سنٹرل لاہور محمد رفیق کی عدالت میں لیسکو علامہ اقبال ٹاؤن میں جعلی پینشن دے کر محکمے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کے کیس میں ملزم ایکسیئن ڈیفنس ملک ندیم کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں ایف آئی نے ملزم کے خلاف ریکارڈ پیش کیا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نے چیکوں پر دستخط کئے جس سے رقم بینک سے نکلوائی گئی۔ اس کیس میں 18سے زائد لیسکو ملازمین بھی شامل ہیں جنہوں نے کاغذوں میں فرضی عورتوں اور مردوں کا اندراج کیا اور ان کو ریٹائرڈ ظاہرکرکے ان کے ناموں سے کروڑوں روپے نکلواتے رہے۔ عدالت میں وکیل صفائی نے بتایا کہ ملک ندیم پر الزامات لگائے جا رہے ہیں وہ ملوث نہیں تاہم عدالت نے وکلاء کے دلائل کے بعد ملک ندیم کی درخواست کو خارج کردیا۔اس کیس میں 18دیگر ملزمان نے بھی اپنی درخواست ضمانتیں دائر کررکھی ہیں جس پر عدالت ایف آئی اے کو تفتیش مکمل کرکے ریکارڈ پیش کرنے کا حکم پہلے ہی دے چکی ہے ۔